• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ میں جلد خواتین ججز تعینات ہونگی، چیف جسٹس

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ کہتے ہیں کہ سپریم کورٹ میں بھی جلد خواتین ججز کی تعیناتی ہوگی، خواتین ججز ذہنی تناؤ سے آزاد رہتے ہوئے اپنا کام کریں۔

لاہور میں خواتین ججز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان نے کہا کہ آئین میں اقلیتوں سمیت ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اعلیٰ عدلیہ خواتین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے، مقدمات میں خواتین کی ضمانت سے متعلق کچھ نرمی کی ضرورت ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ خواتین ججز کانفرنس سے قانون کے شعبے میں خواتین کی حوصلہ افزائی ہوگی، عدلیہ خواتین کے تحفظ، انہیں انصاف کی فراہمی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے میں خواتین کا کردار بڑھتا جا رہا ہے، انہیں زندگی کے ہر شعبے میں بااختیار بنانا ہوگا، ہمارے ہاں خواتین ججز مردوں کے غالب معاشرے میں کام کر رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: حکومت نے آرمی چیف کو شٹل کاک بنا دیا، چیف جسٹس

چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے مزید کہا کہ جج بننے کے بعد خاتون جج کا رویہ بھی مرد جج کی طرح ہو جاتا ہے، خواتین ججز نے پیچیدہ مقدمات میں قانون کے مطابق فیصلے دے کر صلاحیتوں کو منوایا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ قرآن پاک میں بار بار انصاف کی فراہمی کی تلقین کی گئی ہے، اللّٰہ تعالیٰ انصاف کرنے والوں کے ساتھ محبت کرتا ہے۔

تازہ ترین