• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذوالفقار علی بھٹو نے اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا، پی پی رہنما

ابریڈ فورڈ (نمائندہ جنگ) پاکستان پیپلز پارٹی بریڈ فورڈ کے صدر آصف نسیم راٹھورکی زیر صدارت پاکستان پیپلز پارٹی کا 52 واں یوم تاسیس بریڈ فورڈ میں انتہائی جوش و جذبے اور محبت و عقیدت کے ساتھ منایا گیا، تقریب کا آغاز پاکستان پیپلز پارٹی کے مذہبی امور کے صدر علامہ قاری محمد عباس کی تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا، یوم تاسیس کی تقریب میں شرکاء اور مقررین نے اپنے خطابات میں کہا کہ آج سے باون سال قبل شہید ذوالفقار علی بھٹو نے جنرل ایوب خان کی آمریت کے خلاف علم بغاوت بلند کرکے پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد رکھی۔ ذوالفقار علی بھٹو کی سحرانگیز شخصیت کے باعث نو آموز پیپلز پارٹی عوام میں مقبولیت کی بنیاد پر اپنے قیام کے تین چار سال بعد ہی اقتدار میں آگئی۔ مقررین کامذید کہنا تھا کہ، ہر آنے والے آمر اور ڈکٹیٹرکے دور حکومت میں پیپلزپارٹی کو ختم کرنے کی کوششیں اور سازشیں ہوتی رہیں مگر شہید ذوالفقار علی بھٹو پیپلز پارٹی کو جن مضبوط بنیادوں پر استوار کرکے گئے اور ورکرز کو جو شعور‘ حوصلہ اور ایجنڈا دیا‘ اور جو اصول طے کئے وہ ہر پارٹی ورکر کیلئے بلکہ ہر پاکستانی کیلئے مشعل راہ کی مانند ہیں۔ علاوہ ازیں مقررین نے کہا کہ اصل میں پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر کی آزادی ہے بھٹو شہید نے پورے اقوام عالم میں مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کیا دنیا کو کشمیریوں کی حق خود ارادیت کا احساس دلایا اور طاقتور ایوانوں میں ببانگ دُھل مسئلہ کشمیر کی آواز کو بلند کیا اور فرمایا کہ اگر ہمیں کشمیر کی خاطر ہزار سال تک بھی جنگ لڑنا پڑی تو ہم لڑیں گے ، مقررین نےمذید کہا کہ بھٹو شہید پاکستانی عوام کے محسن ہیں انہوں نے پاکستان کو ایٹم بم دیا اور فرمایا کہ ہم گھاس کھا کر گزارا کر لیں گے لیکن ایٹم بم ضرور بنائیں گے اور پاکستان کو1973 کا آئین دیکرپاکستانی قوم پر احسان کیا جس کی وجہ سے مُلک صحیح سمت پر چل رہا ہے۔ آخر میں یوم تاسیس کی تقریب کے موقع پر حاضرین نے کیک بھی کاٹا، شرکاء تقریب اور مقررین حضرات آصف نسیم راٹھور، علامہ قاری محمد عباس، سردار عبدالرحمان خان، راجہ شوکت خالق ایڈووکیٹ، راجہ اے ڈی خان، چوہدری عبدالقیوم، چوہدری یعقوب حسین، چوہدری عبدالقیوم ماموں، بلال درانی، چوہدری افتخار، لالہ اکبر علی، راجہ فراز خان ودیگر پارٹی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔

تازہ ترین