سڈنی(اے پی پی) آسٹریلیا میں خشک سالی اور درجہ حرارت میں اضافہ کے باعث رواں سال موسم بہار ملک کی 120 سالہ تاریخ کا خشک اور5 واں گرم ترین موسم رہا۔ آسٹریلیا کے بیورو آف میٹرولوجی نے بتایا کہ موسم بہار کے اختتام پر آسٹریلیا کے زیادہ تر حصوں میں اوسط سے بھی کم بارش ہوئی جبکہ وسط نومبر میں مغربی آسٹریلیا میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 47.1 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جس کے باعث موسم بہار رواں سال کا خشک اور 5 واں گرم ترین موسم رہا۔ رپورٹ کے مطابق موسم بہار میں آسٹریلیا کے زیادہ تر حصوں میں اوسط سے بھی حد درجہ کم بارش ہوئی اور مجموعی طور پر یہ آسٹریلیا کا خشک ترین موسم رہا جسکے باعث مشرقی آسٹریلیا کی نہ صرف آب و ہوا اور شہریوں پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں بلکہ خشک اور گرم موسم کے باعث پانی کی کمی کی وجہ سے زراعت کا شعبہ بھی متاثر ہو رہا ہے، بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے آسٹریلیا کے شہر سڈنی میں 2020 کے آغاز تک پانی کی سپلائی 40فیصد سے بھی نیچے گر سکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز اور کوئنز لینڈ میں آگ لگنے کے واقعات کی بڑی وجہ بھی شدید خشک سالی اور درجہ حرارت میں اضافہ ہے۔