• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غوث اعظم کے مشن سے دنیا کو امن کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے، علما کرام

برمنگھم (نمائندہ جنگ) حضرت غوث اعظم کی تعلیمات اور ان کے صوفیانہ مشن پر عمل پیرا ہوکر دنیا کو امن کی دولت سے مالا مال کیا جاسکتا ہے۔ قرب الٰہی کے حصول اور نبی کریمؐ کی ذات اقدس سے عقیدت نبھانے کے لیے پیر عبدالقادر جیلانی المعروف غوث اعظم نے اپنی ساری زندگی وقف کردی تھی، ان کے نقش قدم پر چل کر ہی ہر بندہ مومن کامل بن سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جامع مسجد رضا آسٹن و مرکز اہلسنت برمنگھم میں صدر مسجد کمیٹی الحاج صوفی محمد ایوب قادری کی سرپرستی و نگران اور صاحبزادہ محمد فاروق القادری کی صدارت میں منعقدہ پیر عبدالقادر جیلانی المعروف غوث اعظم کے سالانہ عرس و بڑی گیارہویں شریف کی محفل سے مختلف علما کرام نے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مفتی محمد لیاقت حسین آف پاکستان، علامہ پیر محمد طیب ہزاروی، علامہ خالد عثمان علوی، علامہ حافظ عقیل ایوب قادری عطاری، امام و خطیب مسجد ہذا علامہ حافظ جاوید خان اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیر عبدالقادر جیلانی سمیت دین اسلام کے تمام اولیا اور صوفیا نے ہمیشہ اپنے طرزعمل، اخلاق اور بہترین کردار سے دین اسلام کی تبلیغ کی ہے ہمیں ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے زندگیاں گزارناہوں گی۔ الحاج صوفی محمد ایوب قادری نے کہا کہ جامع مسجد رضا و مرکز اہل سنت آسٹن میں میلاد النبیؐ سے لے کر عرس غوث اعظم تک تمام مذہبی تہواروں کو عقیدت و احترام سے منایا جاتا ہے تاکہ فرزندان اسلام میں مذہبی رغبت قائم رہے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ مسجد کی توسیع کا کام شروع ہورہا ہے، اس کے لیے بھی مخیر حضرات کی مدد درکار ہے۔ صاحبزادہ فاروق القادری نے اختتامی کلمات ادا کیے، آخر میں خصوصی دعا کروائی گئی۔
تازہ ترین