قومی احتساب بیو رو (نیب) نے مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔
نیب کے احکامات کے تحت شہباز شریف کی منجمد کی گئی پراپرٹیز میں 13 جائیدادیں شامل ہیں۔
نیب کی جانب سے صدر مسلم لیگ نون کے لاہور کے علاقے ڈیفنس فیز 5 میں واقع 2 گھر بھی منجمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
میاں شہباز شریف کے لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں واقع 2 گھر 96 ایچ اور 87 ایچ بھی منجمد کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: شہباز شریف کا وزیر اعظم کے نام خط
نیب نے قائدِ حزبِ اختلاف کی ایبٹ آباد ڈونگا گلی کی رہائش گاہ کے علاوہ ہری پور کی 3اور چنیوٹ میں 2 مقامات پر جائیدادیں منجمد کرنے کے احکامات بھی جاری کیے ہیں۔
واضح رہے کہ میاں شہباز شریف اپنے بھائی سابق وزیرِ اعظم میاں محمد نواز شریف کے علاج کے سلسلے میں ان کے ہمراہ برطانوی دارالحکومت لندن میں ہیں۔