• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوجوانوں کا اسلام سے تعلق برقرار رکھنا علما و مشائخ کا کارنامہ ہے، قاری انور صدیقی

  ڈڈلی (ابرار مغل) بلیک کنٹری کے علاقے لائی کراس کی مرکزی جامع مسجد انوار القرآن میں سالانہ محفل میلاد مصطفیﷺ زیر صدارت مہتمم ادارہ و خلیفہ مجاز نیریاں شریف علامہ حافظ قاری محمد انور قمر صدیقی منعقد کی گئی۔ نظامت کے فرائض امام مسجد علامہ قاری عبدالرشید نقشبندی نے ادا کیے، عظیم الشان محفل میلاد مصطفیﷺ سے علامہ مفتی لیاقت اظہری، علامہ نبیل افضل قادری، پیر سید ارشد شاہ گردیزی، مولانا محمد بشیر نواز جلالی، علامہ حافظ محمد عنایت، علامہ عاطف جبار حیدری، قاری عبدالقدوس ہاشمی سمیت بلیک کنٹری کےعلما و مشائخ کونسل کے اکابرین جید علما کرام اور مشائخین نے خطاب کیا۔ قاری ثقلین رشید، محمد عرفان قادری، قاری محمد یونس، علامہ حامد رضا سعیدی اور دیگر مقامی ثناء خوانوں نے نعتیہ کلام پیش کیے۔ صدر محفل علامہ قاری محمد انور قمر صدیقی نے کہا کہ مغرب میں ہمارے علما دین اور مشائخ پیارے نبیﷺ کے امن و محبت کے عظیم مشن کو لے کر جہاں دین اسلام کی اشاعت کو یقینی بنا رہے ہیں وہی اپنی نوجوان نسل کا ناتہ بھی اسلام سے قائم رکھ رہے ہیں۔ میلاد مصطفیﷺ سمیت مختلف مذہبی تہواروں اور روحانی محافل کے انعقاد کے ذریعے جہاں فیوض و برکات کو عام کیا جاسکتا ہے وہی ہر مومن کامل سکون قلب بھی حاصل کرسکتا ہے۔ دیگر مقررین نے کہا کہ سیرت مصطفیﷺ ہمارے پاس ذریعہ نجات ہے، ہمیں تعلیمات نبوی ﷺ پر عمل پیرا ہوکر دوسروں کے لیے باعث خیر و امن بننا ہوگا۔ علامہ نبیل افضل قادری، حافظ محمد عنایت، علامہ عاطف جبار حیدری نے کہا کہ نبی کریمﷺ سے محبت کے اظہار کے لیے ہمیں اپنے آپ کو تبدیل کرنا ہوگا۔ ہمارے ہر طرزعمل اور کردار سے مصطفوی جھلک نظر آنی چاہیے۔ محفل میں لائی کراس، ڈڈلی، اسٹار برج اور دیگر مضافاتی علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ ادارہ سے فارغ التحصیل طالب علم حافظ محمد زین حسین ولد بشیر حسین کی دستار بندی بھی کی گئی، خواتین کی بڑی تعداد نے باپردہ شرکت کی۔ علامہ قاری محمد انور قمر صدیقی کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی نوجوان نسل کی تربیت و رہنمائی پر توجہ دینی ہوگی، اپنی نوجوان نسل کو مساجد اور روحانی مراکز تک لانا ہوگا ۔ مفتی لیاقت اظہری، مولانا بشیر نواز، علامہ عاطف جبار حیدری، علامہ قاری عبدالقدوس ہاشمی نے کہا کہ نبی کریمﷺ کی ولادت بسعادت کی محافل میں شرکت سے سکون قلبی کے حصول کے ساتھ ساتھ ہر مومن کو سیرت مصطفیﷺ کو جاننے اور سمجھنے کا موقع بھی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے کردار اور عمل کی اصلاح کرنی ہوگی تاکہ غیر مسلم اسلام کا درست چہرہ دیکھ سکیں۔ دیگر مقررین کا کہنا تھا کہ ہمارے اسلاف اولیا عظام اور صوفیا کرا م نے ہر دور کے اندر اپنی خواہشات اور انا کو قربان کرکے اسلام کے پرچم کو بلند رکھا ہے۔ پیر عبدالقادر جیلانی المعروف غوث اعظم کے بتائے گئے طریقوں پر عمل کرکے ہم قرب الٰہی اور حب رسولﷺ حاصل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر نامور ثناء خوانوں نے بارگاہ رسالتﷺ میں عقیدت و محبت کے پھول نچھاور کیے۔ صدر محفل علامہ قاری محمد انور قمر صدیقی نے اختتامی کلمات ادا کیے۔ اس موقع پر حفاظ کرام کی دستار بندی بھی کی گئی جب کہ آخر میں برطانیہ و پاکستان کے استحکام و سلامتی کیلئے خصوصی طور پر دعا بھی کی گئی۔

تازہ ترین