لاہور(نمائندہ جنگ، مانیٹرنگ سیل)سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔جسٹس گلزار احمد کو چیف جسٹس آف پاکستان مقرر کردیا گیا ہے۔ صدرمملکت کی منظوری کے بعد وزارت قانون سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ صدرپاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 175 اور177 کے تحت اختیاراستعمال کرتے ہوئے جسٹس گلزار احمد کے تقرر کی منظوری دی۔نوٹیفکیشن کے مطابق موجودہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی مدت ملازمت 20 دسمبرکو ختم ہو گی اور چیف جسٹس جسٹس گلزار احمد 21 دسمبر کو حلف اٹھائیں گے اور چیف جسٹس آف پاکستان کی حیثیت سے ذمہ داریاں سرانجام دینگے۔ قانون کے مطابق نامزد چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال ایک ماہ 12 دن چیف جسٹس آف پاکستان رہنے کے بعد یکم فروری 2022 کو عہدے سے ریٹائرڈ ہونگے۔ نامزد چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کا تعلق کراچی سے ہے ، وہ2 فروری 1957 کو پیدا ہوئے۔