• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

قازقستان: اسپورٹس بیگ میں بچی کو رکھ کراغواکرنے والی خاتون گرفتار

قازقستان میں پولیس نے نومولود بچی کو اغوا کرکے فروخت کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے خاتون کو رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

اغوا کار خاتون اس بچی کو 1500برطانوی پاؤنڈ سے زیادہ رقم (جوکہ آٹھ لاکھ قازقستانی ٹینگیز کے مساوی ہے) میں فروخت کرچکی تھی کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دو گھنٹے میں اس کیس کو حل کرکے ملزمہ کو عدالت میں پیش کردیا۔ جہاں عدالت نے اسے سات برس قید کی سزا سنائی ہے۔

پولیس نے دوران سماعت عدالت کو بتایا کہ  بائیس سالہ مجرمہ اسیل زپانوا نے بچی کو قازقستان کے جنوبی صوبے جامبیل کے تراز ریجنل میٹرنٹی اسپتال سے اغوا کیا تھا۔

سی سی ٹی وی میں نظر آنے والے منظر کے مطابق گلابی رنگ کے لمبے لباس  میں ملبوس ایک خاتون اپنے ساتھ ایک اسپورٹس بیگ لیکر آئی جس میں اس نے بچی کو ڈالا اور باہر نکل گئی۔

واردات کے وقت بچی کی ماں کھانے کھانے جبکہ بچوں کی نگرانی کرنے والی اسٹاف ممبر فون سننے گئی ہوئی تھی۔جب وہ واپس آئی تو بچی غائب تھی جس کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دی گئی۔

جس پر پولیس نے تمام کیمرے چیک کیے اور اسیل زپانوا کی تلاش شروع کردی، جو کہ اسپتال کے قریب ہی واقع ایک ہوٹل میں داخل ہوئی تھی۔ جب اس ہوٹل کے کمرے کی تلاشی لی گئی تو مجرمہ اور بچی ایک کمرے سے مل گئے۔ پولیس نے مجرمہ اور بچی کو خریدنے والے کو بھی گرفتار کرلیا۔

بچی کی حالت بیگ میں رکھنے کے باوجود بہتر تھی، جسے اسکی ماں کے حوالے کردیا گیا۔

اس واردات کا سب سے دلچسپ پہلو یہ ہے کہ مجرمہ اسیل زپانوا نے واردات سے صرف تین روز قبل ہی اپنے تیسرے بچے کو جنم دیا تھا اور وہ اس اسپتال میں آتی جاتی رہتی تھی، جس کی وجہ سے عملہ اسے جانتا تھا اور اسپتال میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔

عدالت نے اسے انسانی اسمگلنگ کا جرم ثابت ہونے پر سات برس قید کی سزا سنادی ہے۔

تازہ ترین
تازہ ترین