اسلام آباد(نمائندہ جنگ ) نیب نے چوہدری شوگر ملز ریفرنس کیس میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی لاہور ہائیکورٹ سے ملنے والی ضمانت کیخلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی ہے۔ پراسکیوٹر جنرل نیب کی جانب سے دائر کی گئی اپیل میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے 31 اکتوبر 2019 کو مریم نواز کو ضمانت پر رہا کرنیکا حکم دیا تھا تاہم عدالت نے ریکارڈ کو درست انداز میں نہیں دیکھا جسکے نتیجے میں انصاف کا قتل ہوا ہے ،اپیل گزار نے کہا ہے کہ مریم نواز 2008 میں چوہدری شوگر ملز کے 47 فیصد حصص کے ساتھ سب سے بڑی شیئر ہولڈر رہی ہیں اور لاہور ہائیکورٹ سے ان کی ضمانت کے فیصلے کے بعد سے اہم قانونی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔