• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر، لاک ڈاؤن 125 ویں روز بھی برقرار


مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن 125 ویں روز بھی برقرار ہے، جامع مسجد سری نگر سمیت مقبوضہ وادی کی مساجد میں مسلسل اٹھارہویں ہفتے (گزشتہ روز) نمازِ جمعہ ادا نہیں کرنے دی گئی۔

کشمیریوں کی جانب سے بھارتی ظالمانہ و غاصبانہ اقدامات کے خلاف مختلف شہروں میں احتجاج بھی کیا گیا۔

مقبوضہ کشمیر میں بھارتی لاک ڈاؤن کو 125 روز ہونے کے بعد کشمیریوں کے معمولاتِ زندگی شدید متاثر ہیں، مواصلاتی رابطے بدستور منقطع ہیں۔

جاری لاک ڈاؤن سے معیشت کو 1 کھرب 50 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے، نمازِ جمعہ کی ادائیگی سے محروم کشمیری کرفیو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے جنہوں نے زبردست مظاہرے کیے۔

گزشتہ روز سری نگر، بڈگام، گاندر بل، پلواما، کلگام، شوپیاں، باندی پورہ اور کپواڑہ سمیت دیگر علاقوں میں بھارتی قبضے کے خلاف زبردست مظاہرے ہوئے۔

کشمیریوں نے بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے بلند کیے جس پر بھارتی فورسز نے ان پر اپنی طاقت کا وحشیانہ استعمال کیا جس سے متعدد کشمیری زخمی ہو گئے۔

یہ بھی پڑھیئے: مقبوضہ کشمیر، 4 ماہ میں 38 کشمیری شہید

مقبوضہ کشمیر میں مسلسل بھارتی لاک ڈاؤن کے سبب دکانیں، تعلیمی و کاروباری ادارے بند ہیں، سڑکوں سے پبلک ٹرانسپورٹ غائب ہے۔

مقبوضہ وادی میں موبائل اور انٹرنیٹ کی سروس کی بدستور معطلی سے جہاں کشمیری اپنے پیاروں سے رابطوں کے لیے مجبور ہیں وہیں مقبوضہ وادی کی معیشت کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

تازہ ترین