• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرید عباس کیس جیل سے کس عدالت میں چلایا جائیگا؟ عدالت کا خط


ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کراچی نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو خط لکھ دیا ہے جس میں سوال کیا ہے کہ محکمۂ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں واضح نہیں ہے کہ مرید عباس قتل کیس سینٹرل جیل کراچی سے کس جج کی عدالت میں چلایا جائے گا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کراچی کی عدالت میں اینکر مرید عباس سمیت 2 افراد کے قتل کے کیس کی سماعت ہوئی۔

محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے اینکر مرید عباس قتل کیس کی سماعت جیل منتقل کرنے کے لیے جاری کیا گیا نوٹیفکیشن دورانِ سماعت عدالت میں پیش کیا گیا۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ساؤتھ نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ محکمۂ داخلہ سندھ کے نوٹیفکیشن میں کیس جیل میں چلانے کا کہا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل میں کیس کس جج کی عدالت میں چلایا جائے گا، نوٹیفکیشن میں اس بات کی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔

وضاحت کے لیے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو خط لکھ دیا۔

محکمۂ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ مرید عباس قتل کیس انتہائی ہائی پروفائل ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: مرید عباس کے قتل کے وقت عاطف کے ساتھ تھا، عادل زمان

نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ملزم عاطف زمان اور عادل زمان کی سٹی کورٹ میں پیشی کے وقت ناخوش گوار واقعہ رونما ہوسکتا ہے، لہٰذا ملزمان کے خلاف کیس جیل میں چلایا جائے۔

واضح رہے کہ سالِ رواں (9 جولائی کو) کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں پیسوں کے لین دین کے تنازع پر ملزم عاطف زمان نے ٹی وی اینکر مرید عباس اور ان کے دوست کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

ملزم عاطف زمان نے اس دہرے قتل کے بعد خود کو بھی گولی مار کر خودکشی کی کوشش کی تھی تاہم اسے بچا لیا گیا۔

تازہ ترین