• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کی گلیوں، نالوں کی صفائی اور کچرا ہٹانے کیلئے پروجیکٹ پر اتفاق

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت اور ورلڈ بینک نے کراچی کی گلیوں، نکاسی کے نالوں اورندیوں، کینالز سے کچرے کو ہٹانے اور بہتری کےلئے200ملین ڈالرز سے سالڈ ویسٹ انرجی اور ایفیشنسی پروجیکٹ (ایس ڈبلیو ای ای پی) شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ یہ فیصلہ منگل کو ورلڈ بینک کے وفد کے ساتھ ملاقات میں کیاگیاجس کی قیادت کیٹلائنا ماریو لینڈا کررہے تھے ۔ وفد کے دیگر اراکین میں لیکسن گیو، شعیب رشید شامل تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ کی معاونت صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر شاہ، چیئر پرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ و دیگر نے کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شہر میں تمام سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے ڈسپوزل کو بہتر بنانے کے لیے1.6بلین روپے کی ایک اسکیم اے ڈی پی میں رکھی ہے مگر ہم اس پر سائنٹیفک بنیادوں پر کام کرنا چاہتے ہیں اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے کے خواہاں ہیں۔ ورلڈ بینک نے ایس ڈبلیو ای ای پی کی200ملین ڈالرز کی ایک اسکیم کی پیشکش کی ہے جس کے تحت گلیوں، ندی نالوں سے کچرے کو ہٹانے اور جمع کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایاجائےگا۔ اس منصوبے کے تحت گاربیج ٹرانسفر اسٹیشن ہر ایک ضلع میں قائم کیاجائے گا اور اسے لینڈ فل سائٹ تک مزید ڈسپوزل کیاجائے گا اور اس کچرے سے انرجی پروجیکٹ ڈیولپ بھی کیا جائےگا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے چیئر پرسن پی اینڈ ڈی ناہید شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں سیکریٹری بلدیات سندھ اور ایم ڈی ایس ایس ڈبلیو ایم اے بطور رکن شامل ہوں گے۔ یہ کمیٹی پروجیکٹ کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گی تاکہ اسے حتمی منظوری کےلئے وزیراعلیٰ سندھ کو پیش کیا جا سکے۔
تازہ ترین