مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ زیرِ علاج مریضوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات انتہائی افسوس ناک ہیں۔
ایک بیان میں ن لیگی ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی وزراء کو آج جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑا وہ افسوسناک ہے، یاسمین راشد اور فیاض الحسن چوہان کے ساتھ بدسلوکی قابل مذمت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے یہ منفی روایت خود عمران صاحب کی اپنی ڈالی ہوئی ہے، پی ٹی آئی نے سیاسی مخالفین کیلئے جو بویا تھا آج کاٹنا پڑرہا ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہاکہ عمران صاحب نواز شریف کے حسد سے باہر نکلیں، اصل ایشوز کو پہچانیں، آج شہباز شریف کی یاد تو آتی ہوگی۔
انہوں نے استفسار کیا کہ یہ واقعہ کئی دنوں سے جاری تھا، حکومت نے کیوں اپنا فرض پورا نہیں کیا؟ اسپتال کا میدان جنگ بننا موجودہ نالائق حکومت کی مجرمانہ غفلت کا ثبوت ہے۔
ن لیگی ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ نا کرتی تو آج یہ حالات نا ہوتے، ہنگامہ آرائی سے مریضوں کو جان سے جانا پڑا جو بہت افسوسناک ہے۔