• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور میں ہنگامہ آرائی پر 250 وکلا کے خلاف دو مقدمات درج


لاہور میں پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (پی آئی سی) کے ملازمین اسپتال پہنچ گئے، ایمرجنسی اور اطراف کے مقامات کی صفائی کی جا رہی ہے اور شعبہ ایمرجنسی کو فعال کرنے کا کام جاری ہے۔

گزشتہ روز پی آئی سی میں پیش آئے واقعے پر ہنگامہ کرنے والے 250 وکلاء کے خلاف 2 مقدمات درج کرلیے گئے ہیں جن میں دہشت گردی اور ڈکیتی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی سی میں ہنگامے اور وکلاء کے حملے کے بعد اسپتال کی ایمرجنسی کو بند کردیا گیا تھا، جبکہ زیر علاج زیادہ تر مریضوں کو ڈسچارج کرکے گھر بھیج دیا گیا تھا، اس وقت اسپتال میں 4 میں سے صرف ایک سی سی یو کھلا ہے ۔

دوسری جانب لاہور شہر کے اہم مقامات پر رینجرز تعینات کردی گئی ہے ، ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ آج رینجرز انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور لاہور ہائی کورٹ پر تعینات ہو گی جبکہ رینجرز کے اضافی دستے اسٹینڈ بائی رہیں گے۔

سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے کی تمام تر ویڈیو حاصل کر لی ہیں، واقعے کے تمام پہلوؤں کو تحقیقات میں مد نظر رکھا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ آج ہم نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مکمل تیاری کر رکھی ہے، زیر حراست وکلاء کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا، انہوں نے وکلاء کو قانون ہاتھ میں نہ لینے کے لیے بھی کہا ہے۔

واضح رہے کہ سیکرٹری لاہور ہائی کورٹ بار کی جانب سے گرفتار وکلاء سے اظہار یکجہتی کے لیے آج مکمل ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔

تازہ ترین