• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جدید گھر کی تعمیر میں ٹائلز کا کردار خاص مانا جاتا ہے۔ یہ گھر کے مختلف حصوں کی خوبصورتی بڑھانے کا ذریعہ ثابت ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان کا انتخاب مؤثر استعمال کو پیش نظر رکھتے ہوئے کیا جاتا ہے۔ تاہم، انتخاب کے وقت جمالیاتی نقطۂ نظر کے ساتھ ساتھ ٹائلزکی افادیت بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔ مارکیٹ میں ٹائلز کی کئی اقسام دستیاب ہیں جن میں کچھ زیادہ مقبول ہیں توکچھ کم۔ 

سرامک اور پورسلین ٹائلز (چینی مٹی کا مٹیریل) کا شمار سب سے زیادہ خریدے جانے والے ٹائلز میں کیا جاتا ہے کیونکہ ان ٹائلز کو صاف ستھرا رکھنا دیگر ٹائلز کے مقابلے میں آسان ہے۔ اپنے گھر کے لیے ٹائلز کا انتخاب کرنے سے قبل آپ کا ٹائلز کی اقسام سے متعلق جاننا ضروری ہے، آئیے آج کے مضمون میں ان کے بارے میں جاننے کی کوشش کرتے ہیں ۔

سرامک ٹائلز

سرامک ٹائلز گھر میں لگائے جانے والے ٹائلز میں سب سے عام ہےکیونکہ یہ مختلف فوائد کے باعث گھر کے لیے زیادہ موزوں تسلیم کیے جاتے ہیں۔ سرامک ٹائلز کا شمار ایسے مواد میں کیا جاتا ہے جو دیرپا ہوتے ہیں اور جلد ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہیں ہوتے، نہ ہی ان ٹائلز کی تنصیب کے بعد ان کی بہت زیادہ صفائی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے اور مالک مکان برسوں اس حوالے سے بے فکر رہتا ہے۔ 

تعمیراتی ماہرین ٹائلز کی اس قسم کو کمرے، کچن اور باتھ روم سمیت تمام جگہوں کے لیے موزوں قرار دیتے ہیں۔ سرامک ٹائلز کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ اس میں تمام طرح کے ڈیزائن مل جاتے ہیں، جو کہ ماربل، گرینائٹ، لکڑی اور اسٹیل سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔ مزید برآں، یہ ٹائلز مضبوط ہونے کے ساتھ پانی اور زنگ کے خلاف کارآمد اور فائر پروف ہوتے ہیں۔

گلاس ٹائلز

شیشے کے گھروں میں رہنے کے خواہشمند افراد کے لیےگلاس ٹائلز، شیشہ کا بہترین متبادل ہیں۔ درست جگہ پر گلاس ٹائلزکا استعمال اسے ایک قابلِ رشک ڈیکوریشن آئٹم بنا دیتا ہے۔ گلاس موزائیک ٹائلز اپنی کارکردگی، آرام اور حفظانِ صحت کے اصولوں کے لحا ظ سے بہترین سمجھے جاتے ہیں۔ 

اچھی بات یہ ہے کہ ٹیکنالوجی کی ترقی نے گلاس ٹائلز کو تقریباً سبھی کی پہنچ میں کردیاہے۔ یہ ٹائلز سرامک اور پورسلین ٹائلز کی نسبت کم پائیدار ہیں، لہٰذا ان کا استعمال گھر میں فرش کے بجائے آرائش کے طور پر کیا جاتا ہے، جیسے کہ کچن بیک اسپلیش، بیڈروم میں مرکزی وال یا پھر باتھ روم کی آرائش کے لیے۔

ماربل

ماربل روشن اورگہرے رنگوں کے ساتھ دیواروں اور فرش کی سجاوٹ کے لیے بڑے پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔سیاہ چمکدار جاذبِ نظر ماربل کے علاوہ گہرے نیلے اور کریمی رنگوں کے حسین ملاپ کی صورت موڈ کو بہتر کرنےو الا ڈیزائن آجکل فلورنگ میں خاصا ’اِن ‘ ہے۔ خوبصورت سفید رنگ کے ٹائلز اور فیروزی رنگ کا کمال بھی اپنی بہار دکھا سکتا ہے۔ 

مختلف رنگوں، پیٹرن اور اسٹائل کی بدولت یہ مکینوں کی جانب سے سب سے زیادہ منتخب کیا جانے والا آپشن ہے۔ اس کی مزید خاصیت یہ ہے کہ اس کی عمر عام ٹائلز سے زیادہ ہوتی ہے، یعنی ماربل عام طور پر تقریباً 8سے50سال تک چلتا ہے۔

پورسلین ٹائلز

ٹائلز کی دوسری عام قسم پورسلین (چینی مٹی کا مٹیریل) ہے جو کہ پتھر کا کفایتی متبادل تسلیم کیا جاتا ہے۔ ٹائلز کی یہ قسم سرامک ٹائلز سے مختلف لیکن فوائد میں دگنی خصوصیت کی حامل ہے۔ پورسلین ٹائلز زیادہ پائیدار ہوتے ہیں جبکہ انہیں صاف ستھرا رکھنا دیگر ٹائلز کے مقابلے میں آسان ہے۔ 

آرکیٹیکچر کاسٹیلانیو کا کہنا ہے کہ پورسلین ٹائلز قدرتی پتھر ، اینٹوں اور لکڑی کی خاصیت کو ذہن میں رکھتے ہوئے تیارکیے جاتے ہیں۔ اس میں ڈیزائن ، اسٹائل اور رنگ کی چوائسز بھی بے شمار ہوتی ہیں۔

لائم اسٹون ٹائلز

یہ ٹائلز رنگ برنگی خصوصیت کے حامل ہوتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ یہ ہلکے اور بھاری دونوں قسم کے رنگوں میںدستیاب ہیں۔ ہموار ہونے کے باعث اس ٹائل کی پالش اور مرمت دونوں آسان ہیںلیکن یہ ٹائلز دوسرے ٹائلز کی نسبت جلد داغ دار ہوجاتے ہیں، لہٰذا انھیں کچن کے فرش کے لیے منتخب کرنے سے گریز کیا جائے۔ 

اگر آپ اس ٹائل کا انتخاب فرش کیلئے کررہے ہیں تو اس بات کا خیال رکھیں کہ اس میں باریک سوراخ یا جال ہوتے ہیں، اس لیے تنصیب کرواتے وقت ان کو بند (Sealed) کردیا جائے، پھر یہ سالہا سال چلیں گے۔

گرینائٹ ٹائلز

اگر آپ گھر میں گہرے رنگ کی فلورنگ کے خواہش مند ہیں تو گرینائٹ ٹائلز کا انتخاب بہترین ثابت ہوسکتا ہے۔ تعمیراتی ماہرین اسے پتھر کی جدید اور خوبصورت شکل قرار دیتے ہیں۔ ان کے مطابق کچن کیلئے گرینائٹ فلورنگ بہتر رہتی ہے۔ 

یہ سرامک ٹائلز کی طرح اینٹی بیکٹریل خصوصیات کے حامل ہیں کیونکہ ان میں سوراخ نہیں ہوتے، لہٰذا پانی یا مائع اشیا گرنے کے بعد فرش کو نقصان نہیں پہنچتا۔

تازہ ترین