• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں


سابق وزیراعظم نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ کی تفصیلات سامنے آئی ہیں،ان کی میڈیکل رپورٹ کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس نے تیار کی ہے۔

نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ میں سامنے آیا ہے کہ ان کے دل کی درمیانی شریان 2 جگہ سے بند ہوچکی ہےجبکہ گلے کے غدود کھلے ہوئے ہیں۔

میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نوازشریف کی شہ رگ میں رکاوٹ آچکی ہےاور ان کے دل کی بیرونی سائیڈ متاثر ہوئی ہے، جبکہ ہارٹ اٹیک سے ان کے دل کے ٹشوز کو نقصان پہنچا ہے۔

نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دماغ کو خون فراہم کرنے والی شریان 80 فیصد بلاک ہوچکی ہےجبکہ شریان کی بلاکیج کی وجہ سے نوازشریف کو فالج کے خطرے کا سامنا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے میڈیکل کنسلٹنٹ کا کہنا ہے کہ میڈیکل رپورٹ میں نواز شریف کے پلیٹ لٹس کا تعین نہیں ہورہاپلیٹ لیٹس کا تعین نہ ہونے کی صورت میں ممکنہ زہرخورانی کا ٹیسٹ کرنا پڑے گا۔

ڈیوڈ لارنس کا کہنا ہے کہ نوازشریف کے محفوظ علاج کیلئے پلیٹ لیٹس کو50 ہزارسے ڈیڑھ لاکھ تک رکھنا چاہتے ہیں، جبکہ حالیہ دنوں میں دل کی شریان کی خرابی کا معاملہ زیادہ پیچیدہ ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوازشریف کے پی ای ٹی اسکین میں گلٹیاں پائی گئی ہیں، جبکہ میڈیکل رپورٹ میں گلٹیوں کے بائیوپسی کی تجویز دی گئی ہے۔

کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی بائی پاس سرجری کے بعد بہتری ہوئی تھی، لیکن2 مواقع پر نوازشریف کو دوبارہ دل کی تکلیف ہوئی جبکہ ان کے دل کو خون کی سپلائی میں کمی کا سامنا ہےاور نوازشریف کی کارڈیک ایم آر آئی اور اینجیو گرام کیا جائے گا۔

ڈیوڈ لارنس نے کہا کہ نوازشریف کا اکتوبر 2019 میں دل کی شریانوں کا معائنہ کیا جانا تھامگر دل کے دورے کے خطرے کی وجہ سے شریانوں کا معائنہ نہیں کیا جاسکااب ان کے خون کے معاملات درست ہونے پر دل کی شریانوں کا علاج کیا جاسکے گا۔

ڈیوڈ لارنس نے کہا کہ نواز شریف کے دل کے اسکین اور خون کے مزید تجزیوں کے بعد ان کا دوبارہ معائنہ کروں گا، جبکہ ان کی مسلسل طبی نگرانی اور علاج کیا جارہا ہے۔

کنسلٹنٹ ڈیوڈ لارنس کا کہنا ہے کہ نوازشریف کو برطانیہ میں مسلسل نگہداشت میں رکھنے کی ضرورت ہےانہیں متعدد پیچیدہ بیماریاں لاحق ہیں۔


تازہ ترین