• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رہبر کمیٹی کا حکومت کو آخری موقع دینے کا اعلان

رہبر کمیٹی کا حکومت کو آخری موقع دینے کا اعلان


اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نےتحریک انصاف کی حکومت کو آخری موقع دینے کا اعلان کردیا ۔

اسلام آباد میں اپوزیشن کی رہبر کمیٹی کا اجلاس ہوا ،جس کے بعد کنوینر اکرم درانی نے سینئر ن لیگی رہنما احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا بریفننگ دی۔

اکرم خان درانی نے کہا کہ اپوزیشن کی خواہش ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی کا معاملہ پارلیمنٹ خود حل کرے۔

ن لیگ کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں اکرم درانی نے کہا کہ افسوس ہے کہ حکومت اتنی کمزور اور نااہل ہے کہ کسی بات پر اتفاق رائے پیدا نہیں کرسکتی ۔

انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کا اتفاق ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کے ایشو پر فیصلہ اتفاق رائے سے ہوگا،کوشش ہے کہ پارلیمنٹ یہ معاملہ خود حل کرے۔

اکرم درانی نے مزید کہاکہ یہ حکومت کو آخری موقع دے رہے ہیں،ان سے کوئی کام نہیں ہوتا اور یہ حکومت نہیں چلاسکتے تو چھوڑ دیں۔

احسن اقبال نے کہاکہ الیکشن کمیشن کے 2 ممبران کی تقرری سے متعلق پی ٹی آئی نے اپنے ہی صدر سے غیرآئینی کام کروایا۔

ان کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی کچھ ایسا ہی ہوا،چیف الیکشن کمشنر کی تقرری پر وزیراعظم اور اپوزیشن کی مشاورت پہلے ہی ہوجانی چاہیے تھی۔

ن لیگی رہنما نے مزید کہاکہ حکومت نے ثابت کیا ہے کہ اس میں کسی آئینی عہدے کو پر کرنےکی صلاحیت نہیں ۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے غلط طریقے سے الیکشن کمیشن کے دو اراکین کی تعیناتی کرکے اپنے ہی صدر کو قابل مواخذہ بنادیا ہے، یہ اپنے ہی صدر سے آئین کی خلاف ورزی کروانے کے مرتکب ہوئے ۔

تازہ ترین