• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آپ اپنے تعلیمی کیریئر کےچاہے جس مرحلے میں بھی ہوں، ایک بات ہر مرحلے پر یکساں طور پر سچ ہوتی ہے کہ تعلیم کا حصول اور اس میں کامیابی حاصل کرنا ایک مسلسل محنت طلب مشق ہے۔ امتحانات کا دباؤ، کورس ورک ڈیڈلائنز اور گروپ جیکٹس کی تکمیل وغیرہ، آپ چاہے کتنی ہی لچکدار اور مضبوط شخصیت کے مالک ہوں، کسی نہ کسی مرحلے پر یہ سب کچھ آپ کے لیے بھی ’بہت زیادہ‘ ہوجاتا ہے اور آپ پریشانی محسوس کرتے ہیں۔ ایسے میں ایک بات بہت اہمیت اختیار کرجاتی ہے:زندگی میں توازن پیدا کرنا۔ آپ اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جسمانی صحت کے درمیان کس طرح توازن برقرار رکھ سکتے ہیں، آئیےجانتے ہیں۔

صحت بخش غذا

آپ جو غذائیں کھاتے ہیں، اس کا نہ صرف آپ کی جسمانی صحت بلکہ ذہنی کیفیت پر بھی گہرا اثر پڑتا ہے۔ تلی ہوئی، نقصان دہ چکنائی والی اور شکر سے بھرپور غذائیں صرف تھوڑی دیر کے لیے معدے اور طبیعت کو بھاتی ہیں، درحقیقت ان کی غذائی اہمیت بہت کم ہوتی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ آپ اپنی روزانہ کی خوراک میں تازہ سبزیاں اور پھل شامل کریں۔ اس سے نہ صرف آپ کا معدہ بلکہ آپ کا پورا جسم اور ذہن بھی آپ کا شکرگزار ہوگا۔ 

اس کے علاوہ کھانا پکانے کو شوق کے طور پر اپنائیں اور کچھ بنیادی چیزیں جیسے تازہ ٹماٹر، کھیرے اور سلاد کاٹ کر پلیٹ میں سجانا سیکھیں، یہ کوئی مشکل کام نہیں ہے مگر انتہائی توانائی بخش ہے۔ جب آپ خود کو ذہنی اور جسمانی طور پر صحت مند اور توانا محسوس کریں گے تو آپ کی سیکھنے کی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوگا، جس کا آپ کی تعلیمی کارکردگی پر مثبت اثر پڑے گا۔

تازہ ہوا

آپ نے اسکول میں وقت گزار لیا، اور خود کو توانا رکھنے کے لیے صحت مند کھانا بھی کھالیا۔ اب سارا دن ’اِن ڈور‘ رہنے کے بعد وقت ہے کہ آپ تھوڑا وقت ’آؤٹ ڈور‘ کو دیں اور تازہ ہوا سے لُطف اندوز ہوں۔ صرف یہی نہیں، آپ دوڑ لگائیں یا تیز رفتار سے چہل قدمی کریں، اگر آپ کا ایتھلیٹ والا جسم ہے تو اس سے اچھی بات آپ کے لیے اور کیا ہوسکتی ہے۔ تاہم یہ حقیقت ہے کہ زیادہ تر طلبا کے لیے اسکول میں تھکا دینے والے وقت گزارنے کے بعد توانا اور سرگرم رہنا کافی مشکل ہوتا ہے۔ 

اپنے رہائشی بلاک میں تھوڑی دیر کی چہل قدمی، دوست کے گھر کا چکر یا پھر قریبی پارک میں فطرت کی قربت میں کچھ وقت گزارنا، یہ کچھ ایسے کام ہیں جو آپ کی ذہنی صحت پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔ اپنے ذہن کو تروتازہ کریں اور تازہ ہوا لیں، 20منٹ بعد آپ خود کو ایک بار پھر سرگرم اور توانا محسوس کریں گے۔ تحقیق بتاتی ہے کہ روزانہ ایک ہزار قدم چلنے کی مشق آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت پر حیران کن اثرات مرتب کرتی ہے۔

اسٹڈی گروپ، ہیپی گروپ

اسٹڈی گروپس اگر وجود رکھتے ہیں تو اس کی ایک وجہ ہوتی ہے۔ بہتر پراڈکٹویٹی، ٹاپک پر بہتر فوکس اور علم کا تبادلہ جبکہ سوشلائزیشن ایک اضافی زبردست فائدہ ہے۔ ایک مضمون یا ٹاپک کو دُہرانے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ آپ ایک کونے میں اکیلے بیٹھ کر ا س کا رَٹا لگانا شروع کردیں۔ چاہے آنے والے امتحان کی تیاری کرنا ہو یا کورس ورک کی ڈیڈلائن ہو، دوستوں کے ساتھ مل کر تیاری کرنے کا لطف ہی الگ ہوتا ہے، جہاں آپ کو پڑھنے کے ساتھ ساتھ ہنسی اور مذاق کا سامان بھی میسر رہتا ہے۔ بہرحال ایک کے بجائے دو چار دماغوں کا جڑ کر کام کرنا بہتر نتائج دیتا ہے۔

اب اگر اگلی بار ایک مضمون کو دُہراتے ہوئے آپ بہت زیادہ دباؤ محسوس کریں تو تھوڑی دیر رُکیں اور بیٹھ کر چند باتوں پر سوچ بچار کریں۔ کیا آپ دُرست غذا لے رہے ہیں؟ کیا آپ نے گزشتہ 48گھنٹوں میں کسی کی صحبت اختیار کی ہے؟ کیا آپ نے اسکول جانے کے علاوہ اپنے لیے گھر سے باہر قدم نکالا ہے؟

مسلسل اور کسی وقفے کے بغیر پڑھنے کے بہتر امتحانی نتائج حاصل ہونے کے بجائے، اس کے آپ کی ذہنی اور جسمانی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ ایک تھکا ہوا جسم اور ذہن آپ کو تعلیم کے میدان میں اچھے نتائج نہیں دے سکتا۔ ایسے میں طالب علموں کے لیے ضروری ہے کہ وہ تعلیم کے میدان میں بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے اپنی زندگی میں توازن لائیں۔

تازہ ترین