• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسمِ سرما میں ’کشمش‘ کا استعمال کیسا ہے؟

کشمش کے صحت مند فوائد


’کشمش‘ خشک میوہ جات میں سے ایک ہے جسے انگور کو خُشک کرکے تیار کیا جاتا ہے، کشمش ایک ایسا میوہ ہے جو وٹامنز، معدنیات، فائبر اور دیگر غذائی اجزاء سے مالا مال ہے ۔اس کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اِس کو کھانے سے آپ کی نہ تو چربی بڑھے گی اور نہ ہی آپ کو کولیسٹرول کی شکایت ہوگی۔

ایک تحقیق کے مطابق معلوم ہوا ہے کہ کشمش میں دیگر خشک میووں کے مقابلے میں اینٹی آکسیڈینٹ کی مقدار زیادہ تعداد میں پائی جاتی ہے کیونکہ کشمش کو انگور سے تیار کیا جاتا ہے لہٰذا اگر سردیوں میں آپ روزانہ ایک مُٹھی کشمش کھالیں تو اِس سے آپ کو بہت سے فوائد ہوں گے۔

کشمش کے صحت مند فوائد:

نظام ہاضمہ کے لیے مفید:

سردیوں میں روزانہ کشمش کھانے کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اِس سے آپ کا نظامِ ہاضمہ بہتر ہوتا ہے، کشمش میں موجود فائبر آپ کے ہاضمے کو بہتر کرتے ہیں اور اِس کے ساتھ ہی زہریلے اور غیر ضروری مادوں کو آپ کے نظام  ہاضمہ میں آنے سے روکتے ہیں۔

کشمش کھانے سے آنتیں بھی صاف ہوتی ہیں، اِس لیے ضروری ہے کہ موسمِ سرما میں کشمش کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کیا جائے۔

تیزابیت سے نجات:

کشمش میں قدرتی طور پر فائدہ مند معدنیات پائے جاتے ہیں جیسے پوٹاشیم، کاپر، آئرن اور میگنیشیم جو تیزابیت سے نجات دلاتی ہیں اور معدے میں تیزابیت کی سطح کو متوازن رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔

دِل کی بیماریوں کے لیے فائدہ مند:

کشمش میں سوڈیم کی مقدار کم ہوتی ہے جبکہ پوٹاشیم اچھی مقدار میں پایا جاتا ہے جو دِل کے پٹھوں کے خلیوں سمیت پٹھوں کے کام کے لیے بھی بہت ضروری ہے۔

ایک مطالعے کے مطابق، کشمش قلبی امراض کے لیے بہت مفید ہے، یہ بلڈ پریشر کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے اور ساتھ ہی دِل کی دیگر بیماریوں کو بھی کنٹرول کرنے میں بھی مدرگار ثابت ہوتی ہے لیکن دِل کے مریضوں کے لیے ضروری ہے کہ کشمش کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے پہلے ایک بار اپنے معالج سے مشورہ ضرور کرلیں۔

کینسر کا خطرہ کم ہوتا ہے:

کشمش کھانے سے کینسر کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے، کشمش میں اینٹی آکسیڈینٹ موجود ہوتے ہیں جو جسم میں موجود اُن فری ریڈیکلز سے لڑتے ہیں جن کی وجہ سے کینسر ہونے کا خدشہ ہوتا ہے، لہٰذا اگر روزانہ کی غذا میں کشمش کو شامل کیا جائے تو آپ اِس جان لیوا مرض سے بھی دور رہ سکتے ہیں۔

پُر کشش جلد:

سردیوں میں جلد خُشک اور خراب ہوجاتی ہے جس کی وجہ سے خاص طور پر خواتین بہت پریشان رہتی ہیں۔ سردیوں کے موسم میں بھی اپنی جلد کو خوبصورت رکھنے کے لیے ضروری ہے کہ روزانہ کشمش کھائی جائے کیونکہ کشمش جلد کو تر و تازہ اور پُرکشش بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتی ہے، کشمش میں وٹامن سی، سیلینیم اور زنک موجود ہوتے ہیں جو حسین جلد کے لیے بہت ضروری ہیں، کشمش میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ جلد کو جوان اور صحت مند رکھتے ہیں۔

تازہ ترین