• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عزیز آباد میں یادگار شہداء نامعلوم افراد نے مسمار کردی

کراچی: عزیز آباد میں یادگار شہداء ’نامعلوم‘ افراد نے مسمار کردی


کراچی میں گزشتہ تین دہائی کے دوران پر تشدد واقعات کے دوران قتل یا پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے والے ایم کیوایم کے کارکنان کی عزیز آباد کے جناح گراؤنڈ میں واقع یادگار شہداء "نامعلوم" افراد نے مسمار کردی ہے۔

ایس ایچ او عزیزآباد حاجی ثناء اللّٰہ نے واقعہ کی تصدیق کی ہے، ان کا کہنا ہے کہ پولیس کو اس واقعے کی اطلاع ہفتے کی شام کو ہوئی ہے۔

نامعلوم افراد نے کس وقت یادگار شہدا کا مینار مسمار کیا اور اس کے ڈھانچے کے ساتھ ساتھ عمارت کو کب نقصان پہنچایا گیا اس بارے میں پولیس نے لاعلمی ظاہر کی ہے۔

اس واقعہ کے بعد ایم کیو ایم پاکستان کی قیادت جناح گراؤنڈ پہنچ گئی ہے اور پارٹی کی جانب سے یادگار شہداء کو دوبارہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنماؤں اور کارکنوں کو عزیزآبادکے یاسین آباد کے قبرستان میں سپرد خاک کیا جاتا رہا ہے۔ ایم کیو ایم کی قیادت کی جانب سے تمام شہداء کی ایک یادگار جناح گراؤنڈ میں بنائی گئی تھی اور ایم کیو ایم کی جانب سے ہر سال یوم شہداء بھی منایا جاتا رہا ہے۔

ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر جانے والے سرکاری اور سیاسی رہنماؤں کو یادگار شہداء پر بھی حاضری دینا پڑتی تھی۔

ایم کیوایم کے بٹوارے کے بعد اس سلسلے میں سرگرمیاں بھی ماند پڑگئی تھیں اور گذشتہ کئی سال سے یادگار شہداء پر حاضری کی بجائے ایم کیوایم کے تنظیمی دھڑے اپنے اپنے طور پر شہدا کی یاد مناتے ہیں۔

تازہ ترین