شکرگڑھ نورکوٹ( نامہ نگار) سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن )احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکمران ملک چلانے کے قابل نہیں،رائے عامہ ن لیگ کیساتھ ہے،چھاپوں کی ضرورت نہیں گرفتاری دینے کو تیار ہوں، ضمانت بھی نہیں کرائوں گا، نارووال میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے ہر شعبے کے ناکامی کے بعد پھر سے انتقامی کاروائیاں شروع کر دی ہیں، ایف آئی اے کے سربراہ کو ہٹا کر نواز شریف والی JIT کے سربراہ کو لگایا گیا ،میں نے 200 ارب روپے کی ترقیاتی پروگرام کی نگرانی کی، ایک پیسہ کا ذاتی فائدہ ثابت نہیں ہو سکتا۔ انہوںنے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ شفاف احتساب کی حمایت کی ہےلیکن صرف مسلم لیگ ن کو انتقام کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ رائے عامہ آج بھی ن لیگ کے ساتھ ہے ۔ آج الیکشن کرا لیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہو جائے گا۔احسن اقبال نے کہا کہ آج کل میرے خلاف کردار کشی کی مہم شروع کر دی گئی ہے ۔ سپورٹس سٹی کے قومی منصوبے کو سیاست کی نذر کیا جا رہا ہے۔نیب نے مجھ سے مالی بے ضابطگیوں کے بارے کوئی سوال نہیں پوچھا۔سپورٹس سٹی منصوبہ 2009 میں پیپلزپارٹی کی حکومت میں پاس ہوا تھا ہم نے اپنے 5 سالوں میں سپورٹس سٹی کو 85 فی صد مکمل کر دیا تھا۔حکومت نے 15 ماہ سے ایک روپیہ جاری نہیں کیا کروڑوں روپے کا منصوبہ کھنڈر بنا دیا گیا۔کیا یہ منصوبہ شروع کرنا جرم تھا یا اس کو برباد کرنا جرم ہے؟ اس منصوبے کو مجھے بلیک میل کرنے کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔میں اپنی حفاظتی ضمانت نہیں کرائوں گا۔چھاپے مارنے کی ضرورت نہیں میں گرفتاری دینے کو ہر وقت تیار ہوں۔ مسلم لیگ ن کے جنرل سیکریٹری نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے خلاف کیس میڈیا پر چلائے جائیں تاکہ عوام حقیقت جان سکیں ۔