راولپنڈی (اپنے نامہ نگار سے ) مری روڈ پر ریالٹو چوک میں گرین بیلٹ اور لئی نالہ پل کے ساتھ بڑی مقدار میں بلڈنگ میٹریل (مٹی وغیرہ) پھینکا جا رہا ہے جو مری روڈ پر بھی آ رہا ہے مگر اس غیرقانونی اور ماحول دشمن سرگرمی کو روکنے کے سلسلہ میں متعلقہ اداروں نے اپنی آنکھیں بند کر رکھی ہیں ،شہریوں کے مطابق اس سے پہلے بھی یہاں پر بلڈنگ میٹریل پھینکا گیا تھا جو مری روڈ پر بھی آ گیا تھا مگراب بھی ایسی ہی صورتحال پیدا ہو رہی ہے ، پی ایچ اے ، آرڈی اے سمیت دیگر اداروں کو اس عمل کو روکنے کیلئے فوری اقدامات اٹھانے چاہئیں مگر اس پر متعلقہ اداروں کی خاموشی سمجھ سے بالا تر ہے ،شہریوں کا کہنا ہے کہ پی ایچ اے انتظامیہ اگر اپنے ایک دو کارکن یہاں پر کھڑے کر دے تو بلڈنگ میٹریل پھینکنے والوں تک پہنچا جاسکتا ہے ، لئی نالہ یا پھر اس کے کناروں پر بلڈنگ میٹریل پھینکنے والوں کو بھاری جرمانے کرنے چاہئیں تاکہ آئندہ کسی کو ایسا کام کرنے کی جرات نہ ہو سکے مگر اس حوالے سے متعلقہ ادارے خاموش ہیں ۔