کہتے ہیں کسی انسان کی شخصیت سے متعلق جاننا چاہو تو اس کے بیڈروم (خواب گاہ )کی جانب رُخ کرو۔ بیڈروم انسان کی شخصیت کا عکاس ہوتا ہے، جس کی سجاوٹ اس کی ذاتی پسند و ناپسند، نفاست اور ذوق کا پتہ دیتی ہے۔ انٹیریئر ماہرین ٹرینڈز کے مطابق بیڈروم کی سجاوٹ کرنے کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اس بات سے قطع نظر کہ بیڈ روم چھوٹا ہے یا بڑا، سجاوٹ کے دلکش اور متاثر کن انداز کے ذریعے اس کی رونق میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔ آئیےجانتے ہیں کہ بیڈروم کے لیے کن خاص ٹرینڈز کا انتخاب کیا جاسکتا ہے۔
منیملسٹ بیڈروم ڈیزائن
ایک آئیڈیل بیڈروم وسیع اور کشادہ ہوتا ہے، تاہم مختلف وجوہات کی بناء پر ہم میں سے اکثر افراد کے بیڈروم زیادہ کشادہ نہیں ہوتے۔ اسی وجہ سے بیشتر گھروں میں بڑے بڑے بیڈروم کے بجائے نارمل سائز کے بیڈروم زیادہ دیکھنے میں آتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ رواں سال منیملسٹ بیڈروم ڈیزائن کو بطور ٹرینڈ متعارف کروایا گیا تھا۔
یعنی ایک ایسی خواب گاہ، جو سائز میں چھوٹی ہونے کے باوجود سجاوٹی ٹرینڈز کے مطابق کھلی کھلی اور کشادہ محسوس ہو۔ بیڈروم میں صرف ان چیزوں کا اضافہ کریں جو بے حد ضروری اور ٹرینڈ کے مطابق ہوں، مثلاًفرنیچر میں صرف بیڈ، ڈریسنگ ٹیبل اور الماری۔ اسی طرح بیڈروم کی سجاوٹ کے لیے سادہ اور ہلکے کپڑے کے پردے جبکہ بڑے بڑے فریم کے بجائے سادہ یا بغیر فریمنگ والی تصویریں لگائیں۔
لکڑی کی اشیاء کا استعمال
انٹیریئر ماہرین کے مطابق بیڈروم کے ماحول کو صحت مند ماحول میں تبدیل کرنے کے لیے قدرتی مواد کا زیادہ سے زیادہ استعمال آنے والے سال میں ایک مقبول ٹرینڈ بن جائے گا۔ اس سلسلے میں ماہرین آرائش کے لیے لکڑی کے استعمال پر زور دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگلے برس بیڈروم فرنیچر کے لیے لکڑی بطور مواد منتخب کی جائے۔ دوسری جانب بیڈ وال کے طور پر بھی لکڑی کے بیک ڈراپ خاصی مقبولیت اختیار کرسکتے ہیں۔ ساتھ ہی سیلنگ فیچرز، سائیڈ ٹیبل یا فلورنگ آئیڈیازکے طور پر بھی لکڑی کا استعمال خواب گاہ میںتازگی اور شگفتگی کا احساس دوبالا کرسکتا ہے۔
سفید اور ہرا رنگ
انٹیریئر ڈیزائنر جیس کونی کے مطابق رواں برس بیڈروم کی انٹیریئر ڈیزائننگ میں نیلے اور سرمئی رنگ کا غلبہ رہا، تاہم اگلےبرس کیلئے انٹیریئر ماہرین ان دونوں رنگوں کو خیرآباد کہتے ہوئے سفید اور ہرے رنگ کے اضافے کے خواہش مند نظر آتے ہیں۔ دوسری جانب فرنیچر اور انٹیریئر ڈیزائنر ڈینیل ویل بیج رنگ کوبھی آؤٹ آف فیشن لسٹ میں شامل کرچکے ہیں ۔
کارپٹ نہ بچھائیں
کیا آپ کے بیڈروم میں بھی کارپٹ بچھا ہوا ہے؟ اگر ایسا ہے تو نئے سال کے ٹرینڈ فالورز کی فہرست میں شامل ہونے کے لیےآپ کوبیڈروم سے کارپٹنگ ختم کرنا ہوگی۔ معروف انٹرنیشنل انٹیریئر ڈیکوریشن ویب سائٹ کے سی ای اولیسا ریکرٹ کے مطابق بیڈروم میں کی گئی مکمل کارپٹنگ نہ صرف مٹی اور دھول کا باعث بنتی ہے بلکہ اس سے بہت سی الرجیز بھی مکینوں پر حملہ آور ہوجاتی ہیں۔
لہٰذا ضروری ہے کہ اگلے سال کمرے میں مکمل کارپٹنگ کرنے کے بجائے صرف درمیانی حصے میں رگس بچھانے پر غور کریں۔ اس حصے میں آپ کافی ٹیبل کا اضافہ کرکے بیڈروم کی سجاوٹ کو ایک نیا انداز دے سکتے ہیں۔
فانوس یا ہینگنگ لائٹس
لیسا ریکرٹ نئے برس بیڈروم ڈیکور ٹرینڈ کے طور پر پنکھا نہ لگانے کا مشورہ دیتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں چھت پر نصب پنکھوں کا روایتی انداز ہینگنگ لائٹس میں تبدیل ہوتا نظر آئے گا۔ لیسا اس حوالے سےمطمئن نظر آتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ کمرے کے مرکز میں لگے سیلنگ فین کی جگہ خوبصورت اور مہنگا فانوس یا پھر ہینگنگ لائٹس ایک لگے بندھے ڈیکوریشن ٹرینڈ کو تبدیل کردیں گی۔
ایسے افراد جو پنکھے کے بغیر گزارہ مشکل سمجھتے ہیں، انھیں اس کا متبادل تلاش کرنا ہوگا مثلا ًکارنر فین یا پھر انورٹر اے سی۔ دوسری جانب لیسا کا کہنا ہے کہ نئے ٹرینڈ میں ایک کے بجائے دو پنکھے بھی لگائے جاسکتے ہیں لیکن یہ ٹرینڈ صرف ان بیڈروم کے لیے مناسب رہے گا جو خاصے کشادہ ہوں اور ان کی چھت پر کارنر سائیڈ دو پنکھے اور مرکز میں خوبصورت فانوس لگایا جاسکے۔