راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نمبر دو راولپنڈی کے جج ملک آصف مجید اعوان نے بارودی مواد برآمد ہونے کے الزام میں گرفتار ملزم کو قتل اور دہشت گردی کے مقدمہ میں ملوث ہونے پر لیہ پولیس کے سپرد کردیا، راولپنڈی میں سی ٹی ڈی پولیس نے عبید الرحمان عرف بیدی کو گرفتار کر کے ملزم کے قبضہ سے بارودی مواد برآمد ہونے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، اسی دوران اطلاع ملنے پر ضلع لیہ کی پولیس نے عدالت میں درخواست دی کہ اس ملزم کیخلاف تھانہ صدر لیہ میں بھی قتل اور دہشت گردی کا مقدمہ درج ہے جس کیلئے ملزم کو تفتیش کی خاطر ہمارے سپرد کیا جائے عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے ملزم کو ایک روز کے سفری ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا جو ملزم کو لیہ کی عدالت میں پیش کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرے گی۔