شہرِ قائد میں سردی مکمل طور پر آ گئی ہے، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا موسم خشک اور رات سرد رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
شمال مشرق کی سمت سے ہلکی ٹھنڈی ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 50 فیصد ہے۔
ادھر کوئٹہ، قلات اور زیارت سمیت بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ میں مطلع ابر آلود ہے، صبح سے ہی آسمان پر بادلوں کا بسیراہے۔
آج وادی میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں خنکی مزید بڑھنے کا امکان
کوئٹہ کے علاوہ بلوچستان کے شمالی علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، قلات میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
بارکھان اور دالبندین میں درجۂ حرارت 3، خضدار میں 7، پنجگور میں 8، لسبیلہ میں 13 اور گوادر میں 17 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم خشک اور شدید سرد رہنے کا امکان ہے، جبکہ کل وادیٔ کوئٹہ میں بارش کا امکان ہے۔