• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بوندا باندی، سرد ہواؤں کا راج

کراچی میں صبح سویرے ہلکی بوندا باندی ہوئی، شہر میں سرد ہوائیں بھی چل رہی ہیں جس سے خنکی میں اضافہ ہو گیا۔

آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد کا مطلع جزوی ابر آلود اور رات کو سرد رہنے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 26 سے 28 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔

ہوا میں نمی کا تناسب 49 فیصد ہے جو شمال مشرق کی سمت سے 18 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہے۔

دوسری جانب ملک کے بالائی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں، گلگت بلتستان کے ضلع استور میں کئی روز سے جاری برف باری تھم گئی ہے، پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر رہی ہے۔

گلگت بلتستان کے متعدد علاقوں میں برف باری نے ہر چیز کو جما دیا ہے، استور میں کئی روز سے جاری برف باری کا سلسلہ تھم گیا ہے، موسم شدید سرد ہے۔

آزاد کشمیر، بلوچستان اور خیبر پختون خوا کے بالائی علاقوں میں بھی برف باری کے بعد سرد ترین موسم کا راج ہے، متعدد مقامات پر راستے بند ہیں۔

مری میں برف باری رُک گئی ہے جس کے بعد موسم ٹھنڈا ہے اور سیاحوں کا رش ہے۔

پنجاب کے متعدد شہروں میں صبح کے اوقات میں دھند کا راج ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر رہی۔

دھند کے باعث پروازوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کی گئی، کراچی سے لاہور اور اسلام آباد اور واپسی کی پروازیں تاخیر سے روانہ ہوں گی۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی میں سرد موسم کیساتھ بیماریاں بڑھ گئیں

سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان اور رحیم یار خان میں بھی دھند کے سبب فلائٹ شیڈول تبدیل کیا گیا۔

غیر ملکی پروازیں حدِ نگاہ کم ہونے کے باعث متبادل ائیر پورٹ پر اتاری جائیں گی، دھند کے باعث گزشتہ روز بھی پروازوں کی آمد و رفت شدید متاثر رہی تھی۔

لاہور سے لے کر حافظ آباد تک شدید دھند کے باعث حدِ نگاہ صفر رہ گئی، جبکہ چیچہ وطنی میں دھند کے باعث قومی شاہراہ پر حدِ نگاہ 30 میٹر رہ گئی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔

ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم 2 ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا۔

موٹر وے پولیس نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موٹر وے پر سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں۔

تازہ ترین