• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرف کیخلاف فیصلے پر موقف مزید مشاورت کے بعد دیں گے، فردوس اعوان

مشرف کیخلاف فیصلے پر موقف مزید مشاورت کے بعد دیں گے،فردوس اعوان


وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی سزا کے فیصلے پر حکومتی موقف مزید مشاورت کے بعد دیا جائے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت ہوئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ قانونی ٹیم نے اجلاس میں پرویز مشرف کے خلاف کل آئے خصوصی عدالت کے فیصلے پر شرکاءکو بریفننگ دی۔

انہوں نے کہا کہ قانونی ٹیم نے کل کے عدالتی فیصلے میں موجود سقم سے کور کمیٹی کو آگاہ کیا، طے پایا کہ لیگل ٹیم کیس کا مزید جائزہ لے، جس کے بعد حکومتی موقف پیش کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے اجلاس کے شرکاء کو اپنے دورہ سعودی عرب میں ہونے والی پیشرفت اور ملائیشیا کا دورہ ملتوی کیے جانے سے جڑے محرکات سے آگاہ کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان کا موقف ہے کہ ہمیں کسی بھی ملک کے انفرادی مفاد کے ساتھ کھڑا نہیں ہونا چاہتا ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے یہ بھی کہا کہ حکومت اور اپوزیشن نے مل کر چیف الیکشن کمشنر کا تقرر کرنا ہے، اپوزیشن کی دو جماعتوں کا مل کر ایسا کرنا جمہوری اساس کی نفی ہے۔

وزیراعظم کی معاون خصوصی نے تصدیق کی کہ کور کمیٹی کے اجلاس میں مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا معاملہ زیر غور آیا، وزیراعظم پر عزم ہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر اور مقدس گائے نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز کی بیرون ملک جانے کی خواہش کو قانون کے مطابق اور کابینہ کی ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں دیکھا جائے گا۔

تازہ ترین