لاہور(نمائندہ جنگ، نیوز ایجنسیاں) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے ہمارا وزیراعظم پہلے پاکستان کا اور اب دنیا کا کٹھ پتلی وزیر اعظم بن چکا، ضیاء اور مشرف کی باقیات کیخلاف ہماری جنگ جاری رہیگی،عدلیہ کے تاریخی فیصلوں کا خیر مقدم کرتے ہیں،جمہوری فیصلوں کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے.
امید کرتے ہیں 12؍مئی کے شہدا اور بے نظیر کے قتل کا انصاف ملے گا، عوام آخری جنگ اور آخری جدوجہد کیلئےتیار ہو جائیں، جعلی کٹھ پتلی آمریت قبول نہیں، موجودہ حکومت کیخلاف احتجاج کرنے والوں کیخلاف دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا جاتا ہے کیا یہ جمہوریت ہے؟
سلیکٹڈ کی حکومت میں میڈیا آزاد ہے نہ عوام۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار رائیونڈ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔دوسری جانب بلاول بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ابو بچاؤ مہم کون چلا رہا ہے؟
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے کہا کہ سی پیک منصوبہ معاشی پلان لانے کا منصوبہ تھا مگر بدقسمتی سے موجودہ حکومت اس منصوبے کو صحیح طریقے سے نہیں چلا پا رہی، ہمارے وزیراعظم اپنی مرضی سے کسی ملک کا دورہ بھی نہیں کر سکتے.
صرف ایک کال پر ملائشیا کا دورہ منسوخ کر دیا کیونکہ وہاں کشمیر کی بات ہونا تھی،سلیکٹڈ پاکستان کی فارن پالیسی کیسے چلا رہے ہیں۔