لوئردیر/لاہور(نیوز ایجنسی) لوئر دیر میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر مامور دو پولیس اہلکار جاں بحق ہو گئے۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ رخنئی پل کے مقام پر پیش آیا، فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے دونوں اہلکار انسداد پولیو مہم کی ڈیوٹی پر تعینات تھے۔ادھرلاہور اور سرگودھا میں انسداد پولیو ورکرز کو تشدد کا نشانہ بنائے جانے کے واقعات سامنے آئے ہیں۔پولیس کے مطابق لاہور کی نشتر کالونی میں ایک خاتون نے پولیو ورکر کو تھپڑ مارے اور اسے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔پولیس کے مطابق لیڈی پولیو ورکر پر تشدد کرنے والی خاتون کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔دوسری جانب سرگودھا کے گاؤں چک 125 شمالی میں شہری نے پولیو کی ٹیم سے بدتمیزی کرنے کے ساتھ انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔