وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نےکہا ہےکہ بھارت کےعزائم کو بھانپتے ہوئے ایک اور خط صدر سلامتی کونسل کو بھیجا ہے ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنےایک ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ یہ ان کا صدر سلامتی کونسل کو ساتواں خط ہےجس میں بھارت کے نا پاک عزائم کے اقدامات کی نشاندہی کی گئی ہے اور خط میں خاص طور پر چار اقدامات پر توجہ دلائی گئی ہے۔
وزیرخارجہ نےسوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھار ت کی جانب سے کنٹرول لائن پر لگی باڑ کو 5 مقامات سے کاٹا گیا، اس کےپیچھے کیا عزائم ہیں، کیا کوئی نئی مہم جوئی ہونےجا رہی ہے؟
انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہا کہ جنوری 2019 ء سے اب تک 3 ہزار بار لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارتی مسلح افواج کی جانب سے معصوم کشمیری خواتین اور بچوں سمیت 300 کے قریب نہتے افرادکو نشانہ بنایا گیا، ہمارے خط کی بنیاد پرسیکیورٹی کونسل میں چین نے یہ مسئلہ دوسری بار اٹھایا ۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلی بار 5 اگست کے بھارتی اقدامات کے پیش نظرمسئلہ سیکیورٹی کونسل میں اٹھایا گیا، سیکیورٹی کونسل میں بند کمرے کےاجلاس میں ساری صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔