چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کی ریٹائرمنٹ کے بعد سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس گلزار احمد نئے چیف جسٹس آف پاکستان بن گئے، انہوں نے ایوان صدر میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی سے اپنے عہدے کا حلف لیا۔
جسٹس گلزار احمدکی تقریب حلف برداری میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے علاوہ صدر پاکستان ، وزیر اعظم عمران خان, چیئرمین سینٹ، اسپیکر قومی اسمبلی، گورنرصاحبان، ججز، وکلا سمیت وفاقی وزرا کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔
جسٹس گلزار 27 ویں چیف جسٹس آف پاکستان بنے ہیں، وہ یکم فروری 2022 تک اس منصب پر فائز رہیں گے۔
چیف جسٹس گلزاراحمد کے حلف اٹھانے کے بعد دونوں آئینی باڈیز کی تشکیل بھی تبدیل ہوگئی۔ چیف جسٹس گلزار احمد سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین بن گئے، جسٹس عمرعطا بندیال جوڈیشل کونسل کے رکن جبکہ جسٹس مقبول باقر ججز تقرری جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے۔
دوسری جانب چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد پیر سے سپریم کورٹ اسلام آباد میں مقدمات کی سماعت کریں گے، جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں سب سے پہلا مقدمہ چیف سیکرٹری پنجاب کا سنا جائے گا۔
کیس کی سماعت جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کرے گا، جبکہ جسٹس سید منصور علی شاہ بینچ کا حصہ ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ کے اعزاز میں فل کورٹ ریفرنس سے خطاب میں جسٹس گلزار احمد کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ قانون کی حکمرانی، آئین کے تحفظ، آزاد عدلیہ کے چیلنجز سے نبرد آزما ہوتی آئی ہے، ماضی میں بھی عدلیہ ان چیلنجز سے نمٹی ہے، آئین پاکستان ایک زندہ وجاوید دستاویز ہے، عوام کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے۔