اسلام آباد (نمائندہ جنگ) جسٹس گلزار احمد نے پاکستان کے 27ویں چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ صدر مملکت، وزیراعظم اور آرمی چیف نے چیف جسٹس گلزار احمد کو عہدہ سنبھالنے پر کو مبارکباد دی۔ چیف جسٹس گلزار احمد نےحلف لینے کے بعد سپریم کورٹ آکر چارج لیا اور چیمبر میں دفتری امور نمٹائے۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزار احمد نے چیف جسٹس پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھایا۔ ایوان صدر اسلام آباد میں حلف برداری کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی، جہاں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جسٹس گلزار احمد سے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں وزیر اعظم عمران خان، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف، تینوں مسلح افواج کے سربراہوں، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی،اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، وفاقی وزرا، صوبائی گورنرز سمیت سپریم کورٹ کے موجودہ اور سابق ججز، سینئر وکلا اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔
لاء سیکرٹری نے جسٹس گلزار کی بطور چیف جسٹس پاکستان تعیناتی کا نوٹیفکیشن پڑھ کر سنایا، تقریب کے شروع میں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی جس کے بعد تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا، اسکے بعد صدر مملکت نے جسٹس گلزار احمد سے حلف لیا۔
جس کے بعد ہال تالیوں سے گونج اٹھا،حلف برداری کے بعد صدر اور وزیر اعظم نے نئے چیف جسٹس سے ہاتھ ملایا اور مبارکبا د دی،جبکہ آرمی چیف سمیت مسلح افواج کی قیادت نے بھی چیف جسٹس کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، چیف جسٹس نے نیک خواہشات کے اظہار پر عسکری قیادت کا شکریہ ادا کیا، چیف جسٹس گلزار احمد 2 سال سے زائد عرصے تک اس عہدے پر رہیں گے،خاتون اول بیگم ثمینہ علوی، صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹسز، نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
نئے چیف جسٹس کے خاندان کے ارکان میں انکی والدہ سرتاج بیگم اور اہلیہ بیگم فوزیہ گلزار بھی تقریب میں شریک تھیں۔سابق چیئرمین سینیٹ وسیم سجاد ، سینئر قانون دان ڈاکٹر بابر اعوان، وزیر قانون فروغ نسیم، خصوصی معاون اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، فیصل چوہدری ایڈووکیٹ، وفاقی وزیر محمد میاں سومرو، وفاقی محتسب سید طاہر شہباز، چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال، وفاقی محتسب انسدادہراسمنٹ خواتین کشمالہ طارق، جہانگیر ترین، سردار یار محمد رند، وفاقی وزیر اعظم سواتی، وزیر مملکت علی محمد خان، ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور، میجر جنرل (ر) اظہر کیانی بھی موجود تھے۔
حلف برداری کے بعد صدر عارف علوی نے نئے چیف جسٹس کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جسٹس گلزار احمد سے سینئر وکلاء سمیت اہم شخصیات نے ملاقات کی منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی، مہمانوں نے صدر اور چیف جسٹس کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔
بعد ازاں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد نے نئی ذمہ داریوں کا چارج سنبھال لیا۔
ایوان صدرمیں حلف اٹھانے کے بعد وہ سپریم کورٹ واپس آئے تو جسٹرار سپریم کورٹ اور دیگرسٹاف نے انکا والہانہ کا استقبال کیا، پھول پیش کئے۔
انہوں نے اپنے چیمبر میں بیٹھ کر کچھ دفتری امور نمٹائے۔یاد رہے کہ ہفتہ کے روز معمول کی عدالتی چھٹی کی وجہ سے کوئی عدالتی کام نہیں ہوتا ہے۔