کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی بار ایسوسی ایشن نے اٹارنی جنرل اور وفاقی وزیر قانون کی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس کو خلاف قانون اور آئین سے انحراف قرار دیاہے۔تفصیلات کے مطابق کراچی بار کے قائم مقام نائب صدر عابد فیروز اور جوائنٹ سیکرٹری اشفاق شاہ بخاری کی زیر صدارت ایک ہنگامی میٹنگ ہوئی جس میں متفقہ طور پر قرارداد منظور کی گئی ۔ قرارداد کے مطابق اٹارنی جنرل آف پاکستان انور منصور خان،وفاقی وزیر قانون بیرسٹر فروغ نسیم کی طرف سے کی گئی پریس کانفرنس کو خلاف قانون اور آئین سے انحراف قراردیتے ہوئے اس پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کی طرف سے کئے گئے اقدامات سے ملک، آئین اور افواج پاکستان کی پوری دنیا میں بدنامی ہوئی،سانحہ 12؍ مئی میں درجنوں لوگوں نے اپنی جان گنوائی مگر اس موقع پر کسی بھی طرف سے بیان نہ آنا افسوسناک ہے۔ قرار داد میں یہ بھی کہا گیا کہ عدالتی فیصلے پر جو پریس کانفرنس کی گئی اس کی مذمت کرتے ہیںجو بجائے اپیل کے پریس کانفرنس کے ذریعے کہا گیا۔ کراچی بار ایسوسی ایشن نے ہمیشہ قانونی کی حکمرانی اور آزاد عدلیہ کے حق میں قربانیاں دی ہیں اور آئندہ بھی دیتی رہے گی۔