پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ کراچی میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کا ہونا خوش آئند ہے، ساتھی کرکٹرز کو ٹیسٹ کھیلتا دیکھ کران کا بھی دل للچا رہا ہے، ان کے لیے دوستوں کو ٹیسٹ کھیلتا دیکھنا ایسا ہی ہے جیسا وہ کھیل رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے سرفراز احمد کو دورہ آسٹریلیا سے قبل کپتانی سے برطرف اور ٹیم سے ڈراپ کردیا تھا تاہم کراچی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ٹیسٹ میں اتوار کو گراؤنڈ مدعو کیا گیا۔
نیشنل اسٹیڈیم آمد پر میڈیا سے گفتگو میں سرفراز احمد نے کہا کہ کراچی میں ٹیسٹ کرکٹ کی واپسی خوش آئند ہے، اچھی بات یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کراچی ٹیسٹ میں مستحکم پوزیشن میں ہے امید ہے ٹیم یہاں سے میچ ضرور جیتے گی۔
ایک سوال پر سرفراز احمد نے کہا کہ ساتھی کرکٹرز کو دیکھ کر ان کا دل بھی چاہ رہا ہے کہ وہ میدان میں ہوتے لیکن جو کھیل رہے ہیں وہ بھی دوست ہیں اور وہ ان کے لیے خوش ہیں۔