لاہور(وقائع نگار خصوصی )چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمدشمیم خان کے اعزازمیں الوداعی تقریب مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ۔سردار محمدشمیم خان اور نامزد چیف جسٹس ،جسٹس مامون رشید کو سلامی پیش کی گئی اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئےچیف جسٹس سردار محمدشمیم خان نے کہامیں نے حلف اٹھا کر ایک ڈائریکشن طے کی تھی، ہم نے ماڈل کورٹس بنائیں ، ماڈل کورٹس کے قیام سے کیس جلد نمٹانے میں مدد ملی،تمام ججوں کے تعان پر بہت شکر گزار ہوں ۔ ججوں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے سارا سال تربیتی سیشن منعقد کئے گئے۔طویل عرصے سےججوں کی ترقیاں نہیں ہورہی تھیں، ہم نے اس حوالے سے اقدامات کئے۔اپنی استعداد کے مطابق ایک سال میں جو کرسکتا تھاوہ کیا۔جج اپنے فیصلوں میں میرٹ اور ایمانداری کو ملحوظ خاطر رکھیں۔جسٹس مامون رشید ہمارے بھائیوں جیسے ہیں، ادارے کی سربراہی پر انہیں مبارکباد پیش کرتا ہوں۔دعا کرتا ہوں اللہ تعالیٰ انہیں کامیاب کرے۔میں نے ہمیشہ کوشش کی کہ سب سے پیار محبت سے رہوں پھر بھی میری وجہ سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معافی چاہتا ہوں۔نامزد چیف جسٹس مامون رشید نے کہاکوئی بھی ادارہ کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کرتا ، کوشش کریں گے کہ ہم ڈلیور کرسکیں۔ججوں کو قانون کے مطابق فیصلے کرنا ہوتے ہیں۔ مقدمہہارنے والے فریق کو بھی اطمینان ہونا چاہیےکہ اس کا کیس سنا گیا۔ سیشن جج لاہور قیصر نذیر بٹ نے میزبانی کے فرائض سر انجام دئیے۔تقریب میں جسٹس شجاعت علی خان،جسٹس عاطر محمود، جسٹس شاہد بلال حسن، ڈی جی ڈسٹرکٹ جوڈیشری اشتر عباس، ڈی جی جوڈیشل اکیڈمی حبیب اللہ عامر، شاذب سعید،ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ارم ایاز،شکیل احمد، کلیم احمد، طاہر صابر، اکمل خان، جاوید قبال، ظفر اقبال نعیم، ایوب مارتھ، طارق جاوید، تنویر اکبر ،عابد حسین قریشی، صہیب رومی، جزیلہ اسلم اور ہمایوں امتیاز سمیت صوبہ بھر کے سیشن ججوں نے شرکت کی۔