پاکستانی میک اپ آرٹسٹ شعیب خان نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کو اُن کی 19ویں برسی پر خاص انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
معروف پاکستانی آرٹسٹ شعیب خان نے ملکہ ترنم میڈم نور جہاں کی 19ویں برسی کے موقع پر اُن کو ایک خاص انداز میں خراجِ عقیدت پیش کیا، شعیب خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی کچھ تصاویر شیئر کیں جس میں اُنہوں نے خود کو میڈم نور جہاں کی طرح بنایا ہوا ہے، شعیب خان کا لباس، زیور، میک اپ اور انداز سب میڈم نور جہاں کے جیسا ہے۔
شعیب خان نے اِن تصاویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’آج 19 سال ہوگئے ہیں جب پاکستان نے اپنا اصلی ہیرا، حقیقی آئی کون اور لیجنڈ کھویا تھا، آج میڈم نور جہاں کی 19ویں برسی منائی جارہی ہے لیکن یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ وہ آج بھی ہمارے دِلوں میں زندہ ہیں اور ہمیشہ رہیں گی۔‘
میک اپ آرٹسٹ نے لکھا کہ ’اُن کی آواز آج بھی سُننے والوں کا دِل موہ لیتی ہے، برسوں پہلے وہ ہم سے بچھڑ کر ایک اچھی جگہ پر چلی گئی ہیں لیکن آج بھی اُن کے گیت دُنیا کے بڑے سے بڑے طوفانوں کو پُرسکون کر دیتے ہیں۔‘
اُنہوں نے مزید لکھا کہ ’آج میں نے میلوڈی کی ملکہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے، اگر آپ کو میرے فن میں اُن کی عکاسی نظر آئی ہے تو مجھے اِس سے ضرور آگاہ کریں۔‘
شعیب خان نے اِن تصاویر کے علاوہ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی شیئر کی جس میں پیچھے اسکرین پر میڈم نور جہاں کے گانے کی ویڈیو چل رہی ہے اور ساتھ ہی شعیب خان بھی اُن کی طرح گانے کی کوشش کر رہے ہیں، ویڈیو دیکھ کر ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے شعیب خان ہی یہ گانا گا رہے ہوں۔
شعیب خان کی اِس ویڈیو پر معروف اداکارہ مایا علی نے کمنٹ کیا کہ ’ تُم یہ کیسے کرلیتے ہو، ہر بار تُم ایک انوکھے اور نئے انداز میں سامنے آتے ہو، مجھے تُم پر بہت فخر ہے۔‘
واضح رہے کہ ملکہ ترنم نے اردو، پنجابی، فارسی، بنگالی، پشتو، سندھی اور ہندی زبان میں تقریباً ہزاروں گانے گائے اور ہر طرف دھوم مچادی، میڈم نور جہاں 2000ء میں ہمیشہ کے لیے ہم سے بچھڑ گئیں لیکن اُن کی آواز آج بھی چاہنے والوں کے کانوں میں رس گھولتی رہے گی۔