قومی احتساب بیورو (نیب ) نے مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کو گرفتار کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نیب نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں گرفتار کیا ہے۔
نیب ترجمان نے بھی سابق وفاقی وزیر داخلہ کی گرفتاری کی تصدیق کردی ہے۔
ترجمان کے مطابق احسن اقبال کا آج طبی معائنہ کیا جائے گا جبکہ انہیں کل احتساب عدالت میں ریمانڈ کےلیے پیش کیا جائےگا۔
نیب راولپنڈی نے انہیں آج نارووال اسپورٹس کمپلیکس کرپشن کیس میں طلب کر رکھا تھا۔
نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر نے نارووال میں مبینہ بدعنوانی کے معاملے کی تحقیقات کیں۔
نیب کے تفتیشی افسر پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم کے ہمراہ نارووال کا دورہ بھی کر چکے ہیں۔
احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت
مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وفاقی وزیر داخلہ اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کی۔
انہوں نے کہاکہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی منظوری احسن اقبال نے نہیں دی بلکہ پیپلز پارٹی کے دور میں یہ منصوبہ منظور ہوا تھا۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تحقیقات مکمل ہوچکی ہیں، اس مرے ہوئے منصوبے کو احسن اقبال نے زندہ کردیا ہے۔
چیئرمین نیب کو پشاور میٹرو نظر نہیں آیا، عمران خان فارن فنڈرنگ اور منی لانڈرنگ میں ملوث ہیں، موجودہ وزیراعظم پر بھی آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو احسن اقبال کی گرفتاری سے کوئی فرق نہیں پڑے گا، ن لیگ ڈرنے والی اور نہ ہی بکنے والی جماعت نہیں ہے۔