• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رانا ثناء اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں ، شہریار آفریدی

وزیر مملکت  برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی کا کہنا ہے کہ تاثر یہ دیا گيا کہ رانا ثنا اللّٰہ شاید بری ہوگئے ہیں، قوم کو بتانا چاہتا ہوں کہ رانا ثنا اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں۔

شہریار آفریدی نے میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ جان اللّٰہ کو دینی ہے، اس بات کا بھی مذاق اڑایا گيا، جب آپ کہتے ہیں کہ جان اللّٰہ کو دینی ہے تو اس کا مطلب ہے حلف اٹھانا۔

رانا ثناء اللّٰہ ابھی بھی ملزم ہیں ، شہریار آفریدی


انہوں نے کہا کہ ہم نے قانونی معاملات میں کوئی مداخلت نہیں کی، لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کا ابھی تک آرڈر نہیں  آیا، یہ نہیں کہ فیصلہ آپ کی مرضی کا آئے تو الگ موقف، خلاف آئے تو الگ موقف۔

شہریار  آفریدی نے کہا کہ اے این ایف ایک پروفیشنل فورس ہے، ہم نے پہلا فرد فیصل آباد سے پکڑا تھا اس کے بعد ہمیں لوگ ملتے گئے، ہم نے 17 دن میں تمام ثبوت فراہم کردیئے۔

انہوں نے کہا کہ 18 ویں دن ٹرائل شروع ہونا تھا، کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے گئے ان کے بارے میں بات نہیں کرنا چاہتا۔ لوگ گھبراتے ہیں ، ڈر جاتے ہیں ،جتنا دباؤ آئے گا میں اس کا سامنا کروں گا۔

شہر یار آفریدی نے کہا کہ میرے سارے بیانات نکال لیں، میں نے ہمیشہ کہا کہ ہم نے 17 دن میں ساری چیزیں فراہم کردی تھیں، انہوں نے کہا کہ تمام گواہان پیش کیے جائیں گے جب ٹرائل شروع ہوگا، یہ کام لیگل ٹیم کا ہے، ہم اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کہتے ہیں کہ رئیل اسٹیٹ کا کام کرتے ہیں، انہوں نے ایک چیز فروخت نہیں کی، سب چیزیں خریدی ہیں،  شہر یار آفریدی نے سوال کیا کہ کہاں سے پیسے آئے؟

انہوں نے کہا کہ رانا ثنااللّٰہ  کہتا ہے وکیل ہوں، آج تک کسی عدالت میں پیش نہیں ہوا، راناثنااللّٰہ  اپنی پارٹی کے عابد شیر علی ان کے خلاف بولتے رہے۔

شہریار آفریدی نے مزید کہا کہ ویسے بھی یہ ضمانتوں کا موسم ہے، نوازشریف کے پلیٹ لیٹس گرگئے تھے، واز شریف علاج کے لیے گئے باہر ملک گئے تھے ابھی تک علاج نہیں کرا رہے، وہاں شاپنگ کررہے ہیں، کیا قوم نہیں دیکھ رہی۔

وزیر مملکت شہریار آفریدی نے کہا کہ حکمران آئیں گے اور چلے جائیں گے، اصل چیز پاکستان اور پاکستان کے ادارے ہیں، ہمیں عام پاکستانیوں کی بات کرنی ہے۔

وزیراعظم اور ہماری پوری ٹیم نہ صرف عدالتوں پر یقین رکھتے ہیں بلکہ عدالتوں کی عزت سب پر فرض ہے، عدالتوں کا ہم دل سے احترام کرتےہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ہم کھڑے ہیں، کوئی سودے بازی نہیں ہوگی، ہم میدان میں کھڑے ہونے والے ہیں، ہم نہ ڈرنے والے ہیں نہ گھبرانے والے، نہ جھکنے والے ہیں ، معاملے میں آل آؤٹ جائیں گے۔ 

انہوں نے کہا کہ میں کل کابینہ میٹنگ میں نہیں آیا تو ایک بات بنادی گئی، وزیراعظم اپنی ٹیم کو اہمیت دیتے ہیں، مجھ پر وزیراعظم کا اندھا اعتماد ہے اور انہیں پتہ ہے کہ کس میں کتنا دم خم ہے، خدا کے لیے اس معاملے کا میڈیا ٹرائل نہ کریں۔

شہریار آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ تمام مافیاز جن پر حکومت نے ہاتھ ڈالا وہ پریشرائز کررہے ہیں، پاکستان ہم سب کا ہے ، کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

تازہ ترین