بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف سرمایہ کاری کے نام پر فراڈ کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔
بھارتی ریاست اترپردیش کے ضلع مین پوری میں بالی ووڈ اداکار شریاس تلپاڈے کے خلاف مبینہ سرمایہ کاری فراڈ کے الزام میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔
ان کے خلاف مقدمہ گذشتہ روز بھگاؤں تھانے میں درج کیا گیا، جس میں شریاس تلپاڈے سمیت 12 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق مدعی مقدمہ نے اپنی شکایت میں الزام عائد کیا کہ اداکار اور ان کے ساتھیوں نے سرمایہ کاری اسکیم کے نام پر اس سے لاکھوں روپے ہتھیا لیے۔
شکایت میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایک مبینہ سرمایہ کاری اسکیم کے تحت دیہاتیوں سے رقم جمع کروائی گئی، جس کے ذریعے کئی افراد کو مالی نقصان پہنچا۔
عدالتی حکم کے بعد پولیس نے معاملے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ تاہم، شریاس تلپاڈے کی جانب سے تاحال ان الزامات پر کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
واضح رہے کہ شریاس تلپاڈے بالی ووڈ اور مراٹھی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار، ہدایتکار اور پروڈیوسر ہیں۔
انہوں نے 2005 کی فلم ’اقبال‘ سے مرکزی کردار میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کی نمایاں فلموں میں ’دور‘، ’گول مال‘ اور ’اوم شانتی اوم‘ شامل ہیں۔
شریاس تلپاڈے آئندہ فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں نظر آئیں گے، جو مقبول فلم ’ویلکم‘ سیریز کا تیسرا حصہ ہے۔ یہ فلم 26 جون 2026 کو سینما گھروں کی زینت بننے کا امکان ہے۔