اینٹی نارکوٹک فورس( اے این ایف) کے چیف پراسیکیوٹرنے کہا ہے کہ رانا ثنا اللہ کے خلاف شہادت صحیح وقت پر دیں گے۔
اے این ایف ہیڈکوارٹر راولپنڈی میں چیف پراسیکیوٹر راجا انعام نے امین منہاس اور رانا کاشف کے ہمراہ پریس کانفرنس کی ۔
چیف پراسیکیوٹر نے میڈیا کو بتایا کہ رانا ثناء اللہ کے خلاف یکم جولائی 2019 کو مقدمہ درج ہوا، ہم نے تاخیر کے بغیر 23جولائی کو چالان جمع کروایا۔
انہوں نے کہاکہ گواہوں کے بیان، برآمدگی اور کیمیکل ایگزامنرکی رپورٹ سمیت ساری شہادتیں عدالت میں موجود ہیں، اس کے بعد ملزم پر ذمہ داری ہے کہ وہ اس بارے میں جواب دیں۔
اے این ایف چیف پراسیکیوٹر نے مزید کہاکہ رانا ثنا اللہ کے خلاف ہم شہادت دیں گے لیکن صحیح وقت پردیں گے،تاثر دیا گیا کہ پراسیکیوشن کی جانب سےتاخیرکی گئی جوغلط ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ پہلی ضمانت کی درخواست ٹرائل کورٹ میں دی گی جو مسترد ہوئی ،20ستمبر کو ان کی استدعا پھر مسترد ہوئی، اب تک 16 تاریخیں ملی ہیں، ہم نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کو سنیں۔
چیف پراسیکیوٹر اے این ایف کا کہنا تھاکہ یہ کیس اجاگر ہوگیا لیکن پراسیکیوشن کو نہیں سنا گیا، ہم نے وقت پر سارا عمل مکمل کیا،21دسمبر کو ہڑتال چل رہی تھی اور اسی دن ملزم نے ایک اور درخواست دےدی۔
انہوں نے کہاکہ رانا ثنا اللہ کی ضمانت منظوری کا تفصیلی فیصلہ ابھی نہیں آیا ہے، اس کے بعد ہی کوئی موقف دیں گے۔