• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بارش اور سردی میں اضافے کا امکان

کراچی میں سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ہے


کراچی میں 3جنوری سے بارش اور سردی کی شدت میں مزید اضافےکا امکان ہے،پنجاب ،سندھ اور خیبرپختونخواہ میں دھند کے ڈیرے قائم ہیں ، اسکردو میں درجہ حرارت دوسرے روز بھی منفی 21 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔

چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں کراچی میں مغربی ہواؤں کا سسٹم ایران کے راستے بلوچستان میں داخل ہوگا، مغربی سسٹم کے باعث بلوچستان اور سندھ میں بارشیں ہوں گی۔

انہوں نے بتایا کہ 3 جنوری سے کراچی میں سردی بڑھے گی ، گزشتہ رات شہر قائد میں رواں سال موسم سرما کا کم ترین درجہ حرارت 9 اعشاریہ 2ریکارڈ کیا گیا۔

سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ اس سے قبل رواں ماہ درجہ حرارت 9 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا جا چکا ہے۔

دوسری جانب ملک کے دیگر شہروں میں بھی جاری سردی کی لہرمزید سرد ہوگئی ہے،پہاڑوں پر برف ہی برف اور میدانی علاقوں میں برفیلی ہوائیں چل رہی ہیں۔

گلگت بلتستان کے اضلاع سرد موسم میں سب سے زیادہ متاثر ہیں، اسکردو میں دوسرے روز بھی درجہ حرارت منفی 21 ریکارڈ کیا گیا، گوپس منفی 11 ، بگروٹ اور استور میں منفی 10ڈگری نے ہر شے منجمد کر دی ہے۔

بلوچستان میں قلات میں سب سے زیادہ سردی رہی جہاں درجہ حرارت منفی 6ڈگری تک گر گیا، جبکہ چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ہرنائی میں بھی خشک سردی اورٹھنڈ میں مزید اضافہ ہوگیا، آزاد کشمیر، مظفر آباد، میرپور، باغ میں یخ بستہ ہوائیں چل رہی ہیں۔

سندھ اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں مسلسل دھند سے سردی کا احساس اور بھی بڑھ گیا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز پنجاب اور بالائی سند ھ کے بیشتر میدانی علاقوں جبکہ خیبر پختونخوا کے بعض اضلاع میں رات اور صبح کے اوقات میں شدیددھند چھائےرہنے کی توقع ہے ۔

ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی علاقوں میں شدید سرد اور مطلع ابر آلود رہے گا۔

تازہ ترین