اسلام آباد(آئی این پی)راولپنڈی ، اسلام آباد اور آزاد کشمیر سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ زلزلے کے جھٹکوں کے باعث شدید سردی میں بھی لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے تاہم کسی جگہ سے جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ۔ تفصیلات کے مطابق زلزلے کے جھٹکے راولپنڈی ، اسلام آباد ،میرپور آزاد کشمیر، چکسواری اسلام گڑھ ڈڈیال، وادی نیلم اور سکردو میں محسوس کیے گئے ۔زلزلے کی شدت 5.6 ریکارڈ کی گئی ۔اطلاعات کے مطابق زلزلے کا مرکز مینگورہ سے شمال مشرق کے جانب تقریبا 260 کلو میٹر پر تھا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان، اسکردو، غذر، چلاس، مظفرآباد اور گرد و نواح میں تقریبا سوا 10 بجے 5.6 شدت کا زلزلہ آیا، لوگ خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے۔پنجاب کے شہر جہلم اور اس کے گرد و نواح میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔رپورٹ کے مطابق زلزلے کی گہرائی 42 کلو میٹر اور اس کا مرکز استور کا علاقہ عید گاہ تھا۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان میں 40منٹ کے اند ر3مرتبہ زلزلے جھٹکے محسو س کئے گئے ۔