• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت گرانے کیلئے وفاداریاں تبدیل نہیں کرا رہے، کائرہ

پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں قمر زمان کائرہ کی گفتگو


پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت گرانے کے لیے لوگوں کی وفاداریاں تبدیل نہیں کرا رہے، اتحاد کی پیش کش کرنا جمہوری طریقہ ہے۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی کی خاطر ایم کیو ایم کو سندھ میں وزارتیں دینے پر تیار ہیں، بلاول

’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے اتحادی ان سے ناراض ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان تحریکِ انصاف کسی سے ہاتھ ملانے کو تیار نہیں، ان کے ساتھ کیسے چلا جاسکتا ہے؟

قمر زمان کائرہ نے یہ بھی کہا کہ وفاقی حکومت نے جتنے وعدے کیے ان میں سے ایک بھی پورا نہیں ہوا، علی زیدی کچرا صاف کرنے آئے تھے، وہ بھی ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں چل سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں چار ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب سے خطاب کے دوران ایم کیو ایم کو سندھ حکومت میں وزارتیں دینے کی آفر کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ کراچی کی خاطر جتنی وزارتیں ایم کیو ایم کے پاس وفاق میں ہیں، ہم انہیں سندھ میں دینے کو تیار ہیں۔

اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے میئر کراچی وسیم اختر کو مشورہ دیا تھا کہ ایم کیو ایم تحریکِ انصاف سے اپنا اتحاد توڑے اور عمران خان کی حکومت کو گرا دے، ہم آپ کا ساتھ دیں گے۔

تازہ ترین