• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یکم جنوری 2020ء سے صوبۃ سندھ کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھل جائیں گے


کراچی سمیت سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات آج (31 دسمبر 2019ء کو) ختم ہو رہی ہیں اور کل (یکم جنوری 2020ء) سے صوبے کے تمام نجی و سرکاری تعلیمی ادارے کھل جائیں گے۔

صوبائی سیکریٹری اسکول ایجوکیشن احسن منگی نے کہا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے تمام سرکاری و نجی اسکولزکل (بدھ) یکم جنوری سے ہی کھولے جائیں گے۔

میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سندھ میں موسم سرما کی تعطیلات میں توسیع کے حوالے سے گردش کرنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ایسی کوئی تجویز قابل غور نہیں کہ اسکولوں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافہ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیئے: پنجاب کے تعلیمی اداروں میں سرما کی تعطیلات کا اعلان

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں سرکاری و نجی اسکولز محکمۂ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے فیصلے کے تحت 31دسمبر تک بند رہیں گے اور کل بدھ یکم جنوری 2020ء سے اسکولوں میں تدریسی عمل شروع ہو جائے گا۔

اس سے قبل کراچی سمیت سندھ بھر میں درجۂ حرارت گزشتہ سالوں کی نسبت زیادہ سرد ہونے کی وجہ سے طلبہ و طالبات کے والدین کی جانب سے مطالبہ سامنے آیا تھا کہ تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں اضافہ کر دیا جائے اور اسکول و دیگر تعلیمی ادارے یکم کے بجائے6 جنوری سے کھولے جائیں تاکہ صبح سویرے اسکول جانے والے بچے موسمی بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

واضح رہے کہ محکمۂ تعلیم کی جانب سے سندھ بھر کے تعلیمی اداروں میں 20 سے 31 دسمبر تک موسمِ سرما کی تعطیلات کا اعلان کیا گیا تھا۔

دوسری جانب خیبر پختون خوا میں سردی کی شدت میں اضافے کے باعث تعلیمی اداروں میں موسمِ سرما کی تعطیلات میں 7 جنوری 2020ء تک اضافہ کر دیا گیا ہے۔

تازہ ترین