• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

عملے کی ایمانداری، مالک کو 15ہزار پاؤنڈ واپس مل گئے

عملے کی ایمانداری، مالک کو 15ہزار پاؤنڈ واپس مل گئے


اگر آپ کو تقریباً 15 ہزار پاؤنڈ (30 لاکھ پاکستانی روپے) مل جائیں تو آپ ان کا کیا کریں گے؟ کیا آپ اس کے مالک کی تلاش شروع کریں گے یا پھر اتنی بڑی رقم کو اپنے استعمال میں لے لیں گے؟

برطانیہ کے ایک ری سائیکلنگ سینٹر میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا۔

پولیس نے بتایا کہ مڈسومر نورٹن کے ایک باتھ ری سائیکل ڈپو کے اسٹاف نے آگاہ کیا کہ انہیں ایک باکس سے 15 ہزار پاؤنڈ ملے ہیں اور وہ انہیں مالک تک پہنچانا چاہتے ہیں۔

مزید پڑھیے: برطانیہ : 1700 سال قدیم انڈا دریافت

ان کا کہنا تھا کہ ری سائیکل کرنے سے قبل اسٹاف نے کسی تار کی موجودگی کا پتہ لگانے کے لیے باکس کی چیکنگ کی تو انہیں اس میں یہ رقم ملی۔

تفتیش کاروں نے تحقیقات کرتے ہوئے پتہ لگایا کہ ایک کار ری سائیکلنگ سینٹر تک آئی جس میں موجود ایک شخص کچھ باکسز کو صبح کے اوقات میں یہاں ڈال کر چلا گیا تھا۔

پولیس نے پہلے گاڑی کے مالک کے بارے میں پتہ لگایا اور پھر اس سے بات کی تو اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہی شخص اپنے ایک آنجہانی رشتہ دار کا گھر صاف کرنے کے بعد وہاں موجود کچھ باکسز یہاں ڈال کر گیا تھا۔

پولیس نے فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں بتایا کہ مذکورہ شخص اپنے گھر کی پوشیدہ جگہوں پر پیسہ چھپا کر رکھنے کا عادی تھا۔

اس کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس شخص کو جب ان پیسوں کے بارے میں علم ہوا تو وہ بہت حیرت زدہ ہوا، تاہم یہ پیسہ اسے واپس کر دیا گیا ہے۔

پولیس نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ ہم ری سائیکلنگ سینٹر کے اسٹاف کا شکریہ ادا کرنا چاہتے ہیں کیونکہ ان کی ایمانداری اور معاونت کے بغیر یہ خاندان اپنے پیسوں کے بارے میں جان نہیں پاتا۔

اس میں مزید لکھا کہ اگر اسٹاف نے مدد نہ کی ہوتی تو اس کرسمس کے موقع پر انہیں پیسے واپس کرنا ممکن نہیں ہوتا۔

تازہ ترین
تازہ ترین