مسلم لیگ نون پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ گرفتاری کے بعد جب انہیں عدالت میں لایا گیا تب بتایا گیا کہ انہیں منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے ، ان کامطالبہ ہےکہ اُن کے خلاف منشیات کا کیس بنانے کے معاملے پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے لاہور ہائیکورٹ بار میں گفتگو کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے خلاف منشیات کے کیس کو بوگس اور سیاسی انتقامی کارروائی قرار دے دیا۔
رانا ثناء نے کہا کہ حیرت ہے، 6 ماہ تک وزیر اعظم کو ان کے خلاف مقدمے کا علم نہیں تھا، حالانکہ اے این ایف اہلکار کہتے تھے کہ اوپر سے حکم آیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سلیکٹر سے ملک نہیں چل رہا، حکومت کے پاس دھمکیاں دینے اور سیاسی انتقام کے سوا کچھ نہیں، کاروباری حالات تباہ ہو کر رہ گئے، ریڑھی بان اور فیکٹری مالکان سمیت سبھی پریشان ہیں۔
سابق وزیرِ قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ اپوزیشن اس سال میں مڈٹرم الیکشن کے لیے جدوجہد کرے گی ۔
اس موقع پر لاہور ہائیکورٹ بار میں رانا ثناء نے وکلاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں آپ سب کا شکر گزار ہوں جو آپ ان حالات میں میرے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔