مسلم لیگ نون نے آرمی چیف کی ملازمت میں توسیع کے معاملے پر حکومت کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت سے متعلق قانون سازی کے سلسلے میں حکومتی وفد نون لیگ کی حمایت حاصل کرنے کے لیے اپوزیشن لیڈر کے چیمبر پہنچا تھا۔
ذرائع کے مطابق نون لیگ نے آرمی ایکٹ میں ترامیم کی حمایت کا فیصلہ نون لیگ کی قیادت کے پیغام ملنے کے بعد کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ نون کی قیادت کا پیغام پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں پہنچایا گیا۔
مسلم لیگ نون کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی ایکٹ کی غیر مشروط حمایت کرے گی۔
ذرائع نون لیگ کا کہنا ہے کہ قیادت نے پیغام دیا ہے کہ ہم آرمی چیف کے عہدے کو متنازع نہیں بنانا چاہتے۔
اس سے قبل حکومتی وفد میں وزیرِ دفاع پرویز خٹک، قائدِ ایوان سینیٹ شبلی فراز اور اعظم سواتی نے مسلم لیگ نون کے خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا تنویر سمیت دیگر رہنما سے ملاقات کی تھی۔
یہ بھی پڑھیئے: آرمی چیف کی توسیع کیلئے نیا مسودہ تیار
ذرائع کے مطابق حکومتی وفد نے مسلم لیگ نون سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدتِ ملازمت سے متعلق قانون سازی پر حمایت مانگی تھی۔
اس حوالے سے وزیرِ دفاع پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے معاملے پر اپوزیشن سے رابطے جاری ہیں، امید ہے کہ شام تک مشاورت مکمل کر لیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ مشاورت کے بعد بل کو پارلیمنٹ میں لائیں گے، وفاقی کابینہ سے منظور آرمی ایکٹ میں ترمیم کا بل کل قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔