• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینائی کے لیے کون سی غذائیں مفید ہیں؟

آج کے جدید دور میں سو میں سے 70 فیصد لوگوں کی آنکھوں کی بینائی کمزور ہوتی ہے اور اِس کی سب سے بڑی وجہ ہماری ناقص غذا ہے جو ہم روزانہ کی بنیاد پر کھاتے ہیں، ہماری غذاؤں میں جنک فوڈ یعنی برگر، پیزا، فرینچ فرائز اور سافٹ ڈرنکس وغیرہ کا استعمال حد سے بڑھ گیا ہے جس سے ناصرف ہماری صحت متاثر ہورہی ہے بلکہ اِس سے ہماری آنکھوں کی بینائی پر بھی گہرا اثر مرتب ہورہا ہے۔

غذاؤں کے علاوہ ایک اہم مسئلہ موبائل فون، ٹیبلیٹ اور لیپ ٹاپ وغیرہ کا ضرورت سے زیادہ استعمال ہے ہم دِن میں تقریباً 10 سے 15 گھنٹے سوشل میڈیا کے استعمال پر گُزارتے ہیں جس سے ہماری آنکھوں کی بینائی بہت زیادہ متاثر ہوتی ہے، اِس کا اثر فوراً  نہیں ہوتابلکہ وقت کےساتھ ساتھ ہماری آنکھوں کی بینائی کمزور ہونا شروع ہوجاتی ہے۔

اِس کی وجہ سے بعض لوگ تو نظر کا چشمہ لگا لیتے ہیں جبکہ کچھ لوگ شرم کی وجہ سے چشمہ بھی نہیں لگاتے کہ وہ شاید بدصورت دِکھیں گے لیکن اب اِن افراد کو آنکھوں کی بینائی کی وجہ سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ کچھ غذائیں ایسی ہیں ر جن کو ہم اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کریں تو اُن سے ہماری آنکھوں کی بینائی بہتر ہوسکتی ہے۔

پتوں والی سبزیاں:

موسم سرما میں مختلف قسم کے پتوں والی سبزیاں پائی جاتی ہیں، جن میں پالک، گاجر، مولی، میتھی، شلجم، گوبھی وغیرہ شامل ہیں، یہ سبزیاں ناصرف ہماری بینائی کے لیے مفید ثابت ہوں گی بلکہ اِن سے ہماری صحت بھی اچھی ہوگی اور ساتھ ہی وزن کم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ یہ تمام سبزیاں فائبر، وٹامن، کیلشیم اور آئرن سے مالامال ہیں، آنکھوں کی بینائی کو بہتر کرنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ اپنی روزانہ کی غذا میں اِن سبزیوں کو شامل کرلیں۔

مچھلی:

مچھلی میں قدرتی طور پر کثرت سے پروٹینز پائے جاتے ہیں اور موسم سرما میں تو مچھلی کو کھانے میں بڑا پسند بھی کیا جاتا ہے، سردیوں میں مچھلی کی خرید و فروخت میں بھی اضافہ ہوجاتا ہے۔ اگر ہفتے میں 1 بار مچھلی کھا لی جائے تو اِس سے آنکھوں کی بینائی بہتر ہوگی اور اِس کے علاوہ مچھلی جلد اور بالوں کی اچھی صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہوتی ہے۔

انڈے اور دالیں:

آنکھوں کی بینائی کے لیے سب سے زیادہ مفید پروٹین ہوتے ہیں، اس لیے ڈاکٹرز بھی مشورہ دیتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ اُن غذاؤں کا استعمال کیا جائے جن میں پروٹین موجود ہوں۔ 

انڈے، دالیں، پھلیاں اور دودھ یہ وہ غذائیں ہیں جو پروٹین کی خصوصیت سے مالا مال ہوتے ہیں، لہٰذا آنکھوں کی اچھی صحت کے لیے ضروری ہے کہ آپ اِن تمام غذاؤں کو اپنی روزانہ کی غذا میں شامل کرلیں۔

تازہ ترین