• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرتضیٰ وہاب کاسندھ میں گیس کی قلت پر اظہارِ برہمی



ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے سندھ میں گیس کی قلت پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ میں گیس کا بحران شدید ہوتا جا رہا ہے،70 فیصد گیس پیدا کرنے والے صوبہ کو اس کے وسائل سے محروم کیا جارہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ سندھ کو مطلوبہ ضرورت کی 67 فیصد گیس دی جارہی ہے،وفاقی حکومت آئین کے آرٹیکل 158 کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کو اس کے آئینی حق کے مطابق گیس ملنی چاہیے۔تحریک انصاف کی نااہل حکومت نے صنعتی ترقی کا راستہ بند کر دیا۔پندرہ ماہ گزرنے کے باوجود عوام کی معاشی حالت خراب ہے ۔

ترجمان سندھ نے کہا کہ سلیکٹیڈ حکومت صرف دعوؤں اور باتیں بنانے کی ماہر ہے۔گیس کی بندش سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں۔ سندھ میں گیس نہ ہونے سے بیروزگاری پھیلنے کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ سی این جی بند ہونے سے عوام سڑکوں پر کھڑے ہیں مگر وفاقی حکومت کچھ نہیں کررہی۔ سلیکٹیڈ حکومت عوام کے صبر کو اب مزید نہ آزمائے ۔

تازہ ترین