موسم سرما میں خُشک اور سرد ہواؤں کی وجہ سے ہماری جِلد خُشک ہوجاتی ہے اور اِس سے ہماری جِلد پر موجود قُدرتی نمی بھی ختم ہوجاتی ہے۔ جِلد خُشک ہونے کی وجہ سے ہمیں بہت سی پریشانیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے جیسے کبھی ہونٹوں سے خون بہنا شروع ہوجاتا ہے اور کبھی خُشکی کی وجہ سے ہمارے گال پھٹنے لگ جاتے ہیں جس کی وجہ سے درد بھی ہوتا ہے اور گال سُرخ ہوجاتے ہیں۔
موسم سرما میں ہم اپنی جِلد کو ٹھیک رکھنے کے لیے مختلف کیمیکلز کا استعمال کرتے ہیں لیکن وہ صرف وقتی طور پر ہی فائدہ پہنچاتے ہیں اور کچھ دیر کے بعد دوبارہ سے ہماری جِلد خُشک ہوجاتی ہے لیکن اب اِس کے لیے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے کیونکہ قُدرت نے ایک ایسا تیل بنایا ہے جس میں وہ تمام خصوصیات موجود ہیں جو ہماری جِلد کو بہتر کرنے میں مدد کرتی ہیں۔ اِس تیل کو ’ارنڈی کا تیل‘ کہا جاتا ہے۔
ارنڈی کے تیل کے فوائد:
موئسچرائزنگ:
ارنڈی کے تیل کو قُدرتی موئسچرائزر کہا جا تا ہے کیونکہ اِس میں وہ تمام خصوصیات موجود ہوتی ہیں جو ایک موئسچرائزر میں پائی جاتی ہیں، ارنڈی کا تیل جِلد پر لگانے سے آپ کا چہرہ نرم و ملائم اور ترو تازہ ہو جائے گا۔ اِس کے استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ آپ جو بھی فیس ماسک لگاتے ہیں اُس میں چند قطرے ارنڈی کے تیل کے ڈال لیں اور پھر اُس فیس ماسک کو اپنے چہرے پر لگالیں، اِس کے علاوہ آپ صرف ارنڈی کے تیل کو اپنے چہرے پر لگا سکتے ہیں۔
زخموں کے لیے مرہم:
موسم سرما میں خُشکی کی وجہ سے ہماری جِلد پھٹنے لگتی ہے اور اُن میں تکلیف بھی محسوس ہوتی ہے، ارنڈی کے تیل کو زخم پر مرہم کے طور بھی استعمال کیا جا سکتا ہے، جسم کے کسی بھی حصے پر چوٹ لگ جائےتو آپ اُس پر ارنڈی کا تیل بھی لگا سکتے ہیں۔
ایکنی کے لیے مفید:
اس تیل کو ایکنی کےعلاج کے لئے بھی استعمال کیا جاتا ہے، اگر آپ کے چہرے پر ایکنی ہے تو آپ اپنے چہرے پر ارنڈی کا تیل بھی لگا سکتے ہیں اِس سے آپ کا چہرہ بھی نِکھر جائے گا اور ساتھ ہی آپ کی ایکنی بھی ختم ہوجائے گی۔
بالوں کو مضبوط بناتا ہے:
ارنڈی کے تیل میں بالوں کو مضبوط بنانے کی خصوصیت بھی موجود ہوتی ہے، ارنڈی کا تیل لگانے سے آپ کے بال مضبوط، گھنے، کالے اور چمکدار ہوجائیں گے اور اگر آپ کے بالوں میں خُشکی ہے یا پھر آپ کے بال کمزور ہیں تو آپ اپنے بالوں میں ارنڈی کا تیل لگائیں۔
پیٹ کے درد کا علاج:
اگر آپ کے پیٹ میں درد ہے یا پھر قبض کی شکایت ہے تو اِس دوران بھی آپ ارنڈی کا تیل استعمال کر سکتے ہیں۔ ارنڈی کا تیل پیٹ درد، اُلٹی، متلی جیسے مسائل سے نجات دِلاتا ہے لیکن اگر آپ کو معدے یا جگر کا مسئلہ ہے تو آپ کے لیے ضروری ہے کہ آپ ارنڈی کے تیل کے استعمال سے پہلے اپنے ڈاکٹر سے ضرور مشورہ کرلیں۔